یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا کُتِبَ عَلَیۡکُمُ الصِّیَامُ کَمَا کُتِبَ عَلَی الَّذِیۡنَ مِنۡ قَبْلِکُمْ لَعَلَّکُمْ تَتَّقُوۡنَ ﴿183﴾
ترجمہ کنزالایمان :اے ایمان والوتم پر روزے فر ض کیے گئے جیسے اگلوں پر فر ض ہوئے تھے کہ کہیں تمہیں پرہیز گاری ملے۔'' (۶۹۴)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی مُکَرَّم،نُورِ مُجسَّم، رسول اکرم، شہنشاہ ِبنی آدم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ،''جو ایمان اورنیتِ ثواب کے ساتھ رمضان کے روزے رکھے گا اس کے پچھلے گناہ مٹادئیے جائیں گے ۔''(پ 2 ،البقر ہ :183)
(صحیح مسلم ،کتاب صلاۃ المسافرین وقصرھا ،باب الترغیب فی قیام رمضان الخ ، رقم ۷۶۰،ص ۳۸۲ )
(۶۹۵)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو سَعِیْد خُدْرِی رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ شہنشاہِ مدینہ،قرارِ قلب و سینہ، صاحبِ معطر پسینہ، باعثِ نُزولِ سکینہ، فیض گنجینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ، ''جس نے رمضان کے روزے رکھے اور اس کے حقوق کو پہچانا اور ان کی حفاظت کی تواس کے پچھلے گناہ مٹادئیے جائیں گے۔''
(التر غیب والترہیب، کتاب الصیام، باب الترغیب فی صیام رمضان احتسابا ،رقم ۴ ،ج۲، ص ۵۵)
(۶۹۶)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ، ''پانچوں نَمازیں اور جمعہ اگلے جمعہ تک اور رمضان اگلے رمضان تک کے گناہوں کا کفارہ ہے جب کہ بندہ کبیرہ گناہوں کا ارتکاب نہ کرے۔''
(صحیح مسلم ،کتاب الطھارۃ ،باب الصلوات الخمس الخ ،رقم ۲۳۳، ص ۱۴۴ )
(۶۹۷)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا عمرو بن مُرَّہ جُہنی رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ قُضاعہ قبیلے کے ایک شخص نے حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کی بارگاہ میں حاضر ہوکر عرض کیا،'' میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ عزوجل کے سوا کوئی معبودنہیں اور آپ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم اللہ عزوجل کے رسول ہیں اور پانچوں نَمازیں پڑھتاہوں اور رمضان کے روزے رکھتا ہوں اور اس میں قیام کرتا ہوں اور زکوٰۃ ادا کرتا ہوں۔ ''تو رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا،'' جو یہ کام کرتے ہوئے مرے گا وہ صدیقین اور شہداء کے ساتھ ہوگا۔''
(الاحسان بترتیب ابن حبان ،کتاب الصیام ، باب فضل الصیام رقم ۳۴۲۹، ج۵، ص۱۸۴)
گزشتہ صفحا ت میں حضرتِ سیدنا عُمیر لیثی رضی اللہ عنہ کی روایت گزر چکی ہے کہ سیِّدُ المبلغین، رَحْمَۃ لِّلْعٰلَمِیْن صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے حجۃ الوداع کے مو قعے پر ارشا د فرمایاکہ'' بےشک اللہ عزوجل کے دوست وہی ہیں جونَماز پڑھیں ، اللہ عزجل کی فر ض کردہ پانچوں نَمازیں قائم کریں ، حصول ِ ثواب کے لئے رمضان کے روزے رکھیں اور زکوۃ ادا کریں ۔''