(۶۱۴)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا عبداللہ بن عمرو رضی اﷲ تعالی عنہما سے روایت ہے کہ شہنشاہِ خوش خِصال، پیکرِ حُسن وجمال، دافِعِ رنج و مَلال، صاحب ِجُودو نوال، رسولِ بے مثال، بی بی آمنہ کے لال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''جس نے اپنے بھائی کو پیٹ بھر کر کھانا کھلایا اور اسے پانی سے سیرا ب کیاتواللہ عزوجل اسے جہنم سے سات خندقیں دور کردے گا اور ان میں سے دو خندقوں کے درمیان پانچ سو برس کافاصلہ ہو گا۔''
حضرتِ سیدنا علی بن ابو طالب رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں ،''میں ایک یا دو صاع کھانے پر اپنے بھائیوں کو جمع کروں یہ مجھے بازارمیں جاکر ایک غلام خرید کر اسے آزاد کرنے سے زیادہ پسند ہے اورحضرتِ سیدنا حسن بن علی رضی اللہ تعالی عنہما فرماتے ہیں کہ'' میں اللہ عزوجل کے لئے اپنے کسی مسلمان بھائی کو ایک لقمہ کھلاؤ ں یہ میرے نزدیک کسی مسکین پر ایک درہم صدقہ کر نے سے زیادہ پسندیدہ ہے۔''
(مجمع الزوائد، کتا ب الزکاۃ، با ب فیمن اطعم مسلما اوسقاہ، رقم ۲۰ ۴۷، ج ۳، ص ۳۲۰)