Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
217 - 736
(۵۷۱)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابواُمَامَہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ اللہ عزوجل کے مَحبوب، دانائے غُیوب، مُنَزَّہ عَنِ الْعُیوب صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، '' نیکیاں برائی کے دروازوں سے بچاتی ہیں اورپوشید ہ صدقہ اللہ عزوجل کے غضب سے بچاتاہے اور صلہ رحمی عمر میں اضافہ کردیتی ہے۔''
 (طبرانی کبیر، رقم ۸۰۱۴،ج ۸، ص ۲۶۱ )
(۵۷۲)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ام سلمہ رضی اللہ تعالی عنہا سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،''نیکیاں برائی کے دروازوں سے بچاتی ہیں پوشید ہ صدقہ اللہ عزوجل کے غضب سے بچاتاہے اور صلہ رحمی عمر میں اضافہ کردیتی ہے اور ہر نیک عمل صدقہ ہے اور جو لوگ دنیا میں نیکوکار ہیں وہی آخرت میں بھی نیکوکا ر ہوں گے اور جو لوگ دنیا میں گنہگا ر ہیں آخرت میں بھی گنہگا ر ہوں گے اور نیکوکارلوگ سب سے پہلے جنت میں داخل ہوں گے ۔''
(طبرانی کبیر،رقم ۸۰۱۵، ج۸، ص ۲۶۱ )
(۵۷۳)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا معاویہ بن حیدہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ شہنشاہِ خوش خِصال، پیکرِ حُسن وجمال،، دافِعِ رنج و مَلال، صاحب ِجُودو نوال، رسولِ بے مثال، بی بی آمنہ کے لال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''چھپاکر صدقہ دینا اللہ عزوجل کے غضب کو بجھاتاہے۔''
    (طبرانی کبیر، رقم ۸۰۱۴،ج۸، ص ۲۶۱)
(۵۷۴)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابواُمَامَہ رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ حضرتِ سیدنا ابو ذر رضی اللہ تعالی عنہ نے عرض کیا ،''یارسول اللہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم !صدقہ کی جزاء کیا ہے؟'' فرمایا،'' دو گنا چارگنا اور اللہ کے نزدیک اس سے بھی زیادہ۔'' پھرآپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ آیت مبارکہ تلاوت فرمائی
مَنۡ ذَا الَّذِیۡ یُقْرِضُ اللہَ قَرْضًا حَسَنًا فَیُضٰعِفَہٗ لَہٗۤ اَضْعَافًا کَثِیۡرَۃً ؕ
ترجمہ کنزلایمان: ہے کوئی جو اللہ کوقرض حسن دے تو اللہ اس کے لئے بہت گنا بڑھادے۔(پ 2 ، البقرۃ : 245)

عرض کیا گیا،'' یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم !کون سا صدقہ افضل ہے؟ '' فرمایا، '' جو فقیر کو پوشید ہ طور پر دیا جائے اور تنگدست کابقدر طا قت صدقہ کرنا۔'' پھر آپ نے آیت مبارکہ تلاوت فرمائی:
اِنۡ تُبْدُوا الصَّدَقٰتِ فَنِعِمَّا ہِیَ
ترجمہ کنزالایمان :اگر خیرات اعلانیہ دو تو وہ کیاہی اچھی بات ہے۔(پ 3، البقرۃ: 271)
(طبرانی کبیر، رقم ۷۸۹۱،ج۸ ،ص ۲۲۶ )
(۵۷۵)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو ذررضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ تاجدارِ رسالت، شہنشاہِ نُبوت، مَخْزنِ جودوسخاوت، پیکرِ عظمت و شرافت، مَحبوبِ رَبُّ العزت، محسنِ انسانيت صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''اللہ عزوجل تین آدمیوں سے محبت فرماتا ہے
Flag Counter