| جنت میں لے جانے والے اعمال |
(۵۶۴)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدتنا مَیْمُونَہ بنت سعد رضی اللہ تعالی عنہا فرماتی ہیں کہ میں نے سرکارِ والا تَبار، ہم بے کسوں کے مددگار، شفیعِ روزِ شُمار، دو عالَم کے مالک و مختار، حبیبِ پروردگارصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم سے عرض کیا،'' یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! ہمیں صدقے کے بارے میں بتایئے ؟''فرمایا،''جو اللہ عزوجل کی رضا کے لئے اجر وثواب کی امید پر صدقہ دیتاہے تو یہ صدقہ اس کے لئے جہنم سے حجاب ہو جاتاہے۔''
(طبرانی کبیر، رقم ۶۲،ج ۲۵، ص۳۵ )
(۵۶۵)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا حسن بن ابوالحسن رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ آقائے مظلوم، سرورِ معصوم، حسنِ اخلاق کے پیکر،نبیوں کے تاجور، مَحبوبِ رَبِّ اکبرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، اللہ تعالی فرماتا ہے: ''اے ابن آدم ! اپنے مال میں سے کچھ حصہ میرے پاس بھیج ، نہ یہ جلے گا نہ غرق ہوگا اور نہ ہی چوری ہوگا ۔ میں تجھے اس میں سے تیری حاجت کے مطابق عطا کروں گا۔''
(بیہقی، شعب الایمان ،باب فی الزکاۃ /التحریض علی صدقۃ التطو ع ،رقم ۳۳۴۲ ،ج ۳، ص ۲۱۱ )
(۵۶۶)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابن عمر رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی مُکَرَّم،نُورِ مُجسَّم، رسول اکرم، شہنشاہ ِبنی آدم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''جب اللہ عزوجل کے پاس کسی چیزکو امانت کے طور پر رکھا جاتاہے تو وہ اس کی حفاظت فرماتا ہے۔''
(بیہقی ،شعب الایمان ،باب فی الزکاۃ،رقم ۳۳۴۳ ،ج۳ ،ص ۲۱۱ )
حضرتِ سیدنا عمر بن عبدالعزیز رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں ،''نَماز تجھے آدھے راستے تک پہنچاتی ہے اور روزہ تجھے اللہ عزوجل کے دروازے تک پہنچا دیتاہے اور صدقہ تجھے اللہ عزوجل کی بارگاہ میں حاضر کردیتا ہے۔
حضرتِ سیدنا یحیٰی بن معاذ رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں ،'' میں صدقے کے دانے کے علاوہ کسی دانے کو نہیں جانتاجو دنیا کے پہاڑوں سے زیا دہ وزنی ہو ۔''