Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
203 - 736
امانت دار عاملِ زکوٰۃ اور خزانچی کا ثواب
(۵۳۰)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا رافع بن خدیج رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو فرماتے ہوئے سنا،''اللہ عزوجل کی رضا کے لئے حق کے ساتھ زکوٰۃ وصول کرنے والااپنے گھر لوٹنے تک اﷲ عزوجل کی راہ کے غازی کی طرح ہے ۔''
   (مسند احمد ، مسند المکین ،رقم ۱۵۸۲۶،ج۵ ،ص ۳۶۶ )
(۵۳۱)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ شہنشاہِ خوش خِصال، پیکرِ حُسن وجمال،، دافِعِ رنج و مَلال، صاحب ِجُودو نوال، رسولِ بے مثال، بی بی آمنہ کے لال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ـ''جب کسی کو زکوٰۃ وصول کرنے کے لئے عامل مقرر کیا جائے پھر وہ دیانتدا ری کے ساتھ زکوٰۃ وصول کرے اور اسے حقدار تک پہنچائے تو وہ اپنے گھر لوٹنے تک اللہ عزوجل کی راہ میں جہاد کرنے والے مجاہد کی طرح ہے ۔''
(مجمع الزوائد ، کتاب الزکاۃ، باب العمال علی الصدقہ،رقم ۴۴۵۰،ج۳، ص ۲۳۶ )
(۵۳۲)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ خاتِمُ الْمُرْسَلین، رَحْمَۃُ الِّلْعٰلمین، شفیعُ المذنبین، انیسُ الغریبین، سراجُ السالکین، مَحبوبِ ربُّ العلمین، جنابِ صادق و امين صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ـ''بیشک وہ امانت دار اور مسلمان خزانچی جسے کوئی مال کہیں منتقل کرنے کا حکم دیا جائے پھر وہ پورا مال خوش دلی سے ادا کردے اور اسے جس کے بارے میں حکم دیا گیا ہواس تک پہنچادے تووہ بھی صدقہ دینے والوں میں سے ایک شمار ہوگا ۔''
(بخاری ، کتاب الزکاۃ،باب اجر الخادم اذا تصدق الخ،رقم ۱۴۳۸،ج۱، ص ۴۸۴ )
(۵۳۳)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے تاجدارِ رسالت، شہنشاہِ نُبوت، مَخْزنِ جودوسخاوت، پیکرِ عظمت و شرافت، مَحبوبِ رَبُّ العزت،محسنِ انسانيت صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ـ''بہترین کمائی عامل( یعنی زکوۃوصول کرنے والے )کی کمائی ہے جبکہ وہ خیرخواہ ہو ۔''
  (مسند احمد، رقم ۸۴۲۰،ج۳ ،ص ۲۳۲ )
Flag Counter