Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
201 - 736
(۵۲۲)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا حسن رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ سرکارِ والا تَبار، ہم بے کسوں کے مددگار، شفیعِ روزِ شُمار، دو عالَم کے مالک و مختار، حبیبِ پروردگارصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''اپنے اموال کو زکوٰۃ کے ذریعے محفوظ کرلواور اپنے امراض کا علاج صدقہ کے ذریعے کرواوردعااور آہ وزاری کے ذریعے بلا ؤں کی یلغار کا مقابلہ کرو۔''
(الترغیب والترہیب ، کتاب الصدقات ، باب فی اداء الزکاۃ،رقم ۱۱،ج۱ ،ص ۳۰۱)
(۵۲۳)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا علقمہ رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ میں آقائے مظلوم، سرورِ معصوم، حسنِ اخلاق کے پیکر،نبیوں کے تاجور، مَحبوبِ رَبِّ اکبرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کی بارگاہ میں حاضر ہوا تو نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے ہم سے ارشاد فرمایا، ''بیشک تمہارا اپنے اموال میں سے زکوٰۃ نکالناتمہارے اسلام کی تکمیل ہے ۔''
 (الترغیب والترہیب، کتاب الصدقات، باب فی اداء الزکاۃ ، ، رقم ۱۲،ج۱ ، ص ۳۰۱ )
(۵۲۴)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا سمرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی مُکَرَّم،نُورِ مُجسَّم، رسول اکرم، شہنشاہ ِبنی آدم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ،''نَماز ادا کرو اور زکوٰۃ ادا کرو اور حج کرو اور عمرہ کرو اورثابت قدم رہو۔''
(طبرانی کبیر، کتاب الصدقات، رقم ۶۸۹۷،ج۷،ص ۲۱۶ )
(۵۲۵)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا عمرو بن مُرَّہ جُہْنِی رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ قضاعہ قبیلے سے ایک شخص شہنشاہِ مدینہ،قرارِ قلب و سینہ، صاحبِ معطر پسینہ، باعثِ نُزولِ سکینہ، فیض گنجینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کی بارگاہ میں حاضر ہوا اور عرض کیا،'' یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم !میں اس بات کی گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور آپ اللہ تعالیٰ کے رسول ہیں اور میں پانچ نَمازیں پڑھتا ہوں اوررمضان کے روزے رکھتاہوں اوراس میں قیام کرتاہوں اور زکوٰۃ ادا کرتا ہوں۔ '' تو سرورِ کونین صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ، ''جو اِن اعمال پر مرے گاوہ صدیقین اور شہداء میں لکھا جائے گا ۔''
 (الترغیب والترہیب،کتاب الصدقات ، باب فی اداء الزکاۃ، رقم ۱۹، ج۱ ،ص ۳۰۲ )
(۵۲۶)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہماسے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''جو نَماز قائم کرے اور زکوٰۃ ادا کرے اوربیت اللہ کا حج کرے اور رمضان کے روزے رکھے اور مہمان کی مہمان نوازی کرے جنت میں داخل ہوگا۔''
  (المعجم الکبیر ، رقم ۱۲۶۹۲،ج۱۲، ص ۱۰۶ )
Flag Counter