| جنت میں لے جانے والے اعمال |
(۵۱۰) ۔۔۔۔۔۔حضرتِ سیدنا علی رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا، ''کچا بچہ اپنے والدین کو جہنم میں داخل کرنے پر اپنے رب عزوجل سے جھگڑا کریگا تو اس سے کہا جائے گا اے اپنے رب عزوجل سے جھگڑاکرنے والے کچے بچے ! اپنے والدین کوبھی جنت میں لے جا پھر وہ اپنے والدین کواپنی ناف کے ساتھ کھینچتا ہوا جنت میں لے جائے گا۔''
(ابن ماجہ ، ماجاء فیمن اصیب بسقط، کتاب الجنائز،رقم ۱۶۰۸،ج۲ ،ص ۲۷۳ )
(۵۱۱) ۔۔۔۔۔۔حضرتِ سیدنا معاذ بن جبل رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ سیِّدُ المبلغین، رَحْمَۃ لِّلْعٰلَمِیْن صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا، '' اس ذات پاک کی قسم جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے جس عورت کا کچا بچہ انتقال کرجائے اور وہ اس پر صبر کرے تو وہ بچہ اپنی ماں کو اپنی ناف کے ذریعے کھینچتا ہوا جنت میں لے جائے گا۔''
(ابن ماجہ ،ماجاء فیمن اصیب بسقط ،کتاب الجنائز، رقم ۱۶۰۹،ج۲، ص ۲۷۳ )
د وست یا قریبی عزیز کے مرجانے پر صبرکرنے کا ثواب
(۵۱۲) ۔۔۔۔۔۔حضرتِ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ اللہ عزوجل کے مَحبوب، دانائے غُیوب، مُنَزَّہ عَنِ الْعُیوب صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا، ''اللہ تعالی فرماتا ہے کہ میرے اس مؤمن بندے کی جزاء میرے نزدیک جنت کے علاوہ کچھ نہیں کہ اہل دنیا میں سے جب میں نے اس کے عزیز دوست کی روح کو قبض کیا تو اس نے صبر کیا۔ ''
(بخاری ،کتاب الرقائق ،باب العمل الذی یبتغی بہ وجہ اللہ ، رقم ۶۴۲۴،ج۴ ،ص ۲۲۵)