| جنت میں لے جانے والے اعمال |
(۴۹۸) ۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا عُقْبَہ بن عامر رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ اللہ عزوجل کے مَحبوب، دانائے غُیوب، مُنَزَّہ عَنِ الْعُیوب صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''جو اپنے تین بچوں کو کھو بیٹھے(یعنی جس کے تین بچے مر جائیں)،پھروہ اﷲ عزوجل کی راہ میں ان پر اجر و ثواب کی امید رکھے تواس کے لئے جنت واجب ہو جاتی ہے۔''
(طبرانی کبیر،رقم۸۲۹،ج۱۷،ص۳۰۰ )
(۴۹۹) ۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا عتبہ بن عبد سُلَمِی رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو فرماتے ہوئے سنا، '' جس کے تین بچے بالغ ہونے سے پہلے مرجائیں تو وہ اسے جنت کے آٹھوں دروازوں پر ملیں گے اور اسے اختیار ہوگاکہ جنت کے جس دروازے سے چاہے جنت میں داخل ہو جائے۔''
(ابن ماجہ ، کتاب الجنائز ،باب ماجاء فی ثواب من اصیب بولدہ،رقم۱۶۰۴،ج۲ ،ص۲۸۱ )
(۵۰۰) ۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدتنا حبیبہ رضی اللہ تعالی عنہا فرماتی ہیں کہ میں ام المومنین حضرتِ سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا کے پاس موجود تھی کہ شہنشاہِ خوش خِصال، پیکرِ حُسن وجمال،، دافِعِ رنج و مَلال، صاحب ِجُودو نوال، رسولِ بے مثال، بی بی آمنہ کے لال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم ان کے گھر تشریف لا ئے اور ان سے فرمایا ،''جن مسلمان والدین کے تین بچے بالغ ہونے سے پہلے مرجائیں قیامت کے دن انہیں جنت کے دروازے پرکھڑ ا کر کے کہاجائے گا کہ جنت میں داخل ہوجاؤ تو وہ کہیں گے کہ جب تک ہمارے والدین جنت میں داخل نہ ہوں گے ہم بھی جنت میں داخل نہ ہوں گے پھر ان سے کہا جائے گا جاؤ!اپنے والدین کو ساتھ لیکر جنت میں داخل ہوجاؤ ۔
(طبرانی کبیر،رقم۵۷۱،ج۴،ص۲۲۵ )
(۵۰۱)۔۔۔۔۔۔ حضر ت سیدناابو سَعِیْد خُدْرِی رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ ایک عورت خاتِمُ الْمُرْسَلین، رَحْمَۃُ الِّلْعٰلمین، شفیعُ المذنبین، انیسُ الغریبین، سراجُ السالکین، مَحبوبِ ربُّ العلمین، جنابِ صادق و امين صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کی بارگاہ میں حاضر ہوئی اور عرض کیا ''یارسول اﷲصلی اللہ علیہ وسلم! مردحضرات آپ کی بارگا ہ میں حاضر ہوکر آپ کے ارشادات سن لیتے ہیں، آپ ہمیں بھی ایک دن عطا فرمادیں جس میں آپ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم ہمیں اﷲ عزوجل کے احکام سکھائیں ۔''تو آپ نے ارشاد فرمایا،'' تم فلاں دن فلاں مقام پر جمع ہوجایا کرو۔''
چنانچہ وہ عورتیں جمع ہوگئیں ۔ رسول اﷲ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے انہیں اﷲ عزوجل کے احکامات میں سے کچھ سکھایا۔پھر فرمایا ،''تم میں سے جو عورت اپنے تین بچے آگے بھیجے گی وہ اس کے لئے آگ سے حجاب ہوجا ئیں گے۔''ایک عورت نے عرض کیا اور دو بچے ؟''تو رسول اﷲ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا''اور دو بچے(بھی ) ۔''(بخاری، کتاب الاعتصام بالکتاب والسنۃ ، باب تعلیم النبی امّتہ من الرجال،رقم ۷۳۱۰،ج۴ ،ص ۵۱۰ )