Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
187 - 736
پیٹ کی بیماری اور ڈ وب کر اور ملبے تلے دب کر مرنے والے کا ثواب
(۴۸۵) ۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابواسحاق سَبیِعِی رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ حضرتِ سیدنا سلیمان بن صُرَد نے خالد بن عُرفَطہ رضی اللہ عنہماسے پوچھا،'' کیا تم نے اللہ عزوجل کے مَحبوب، دانائے غُیوب، مُنَزَّہ عَنِ الْعُیوب صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو فرماتے ہوئے نہیں سنا کہ'' جس کا پیٹ کی بیماری سے انتقال ہوا اسے قبر میں عذاب نہ ہوگا؟'' تو انہوں نے جواب دیا ،''ہا ں، سنا ہے۔''
(ترمذی ، کتاب الجنائز ،باب ماجاء فی الشھداء من ھم ،رقم۱۰۶۶،ج۲،ص۳۳۴)
(۴۸۶)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''تم شہداء میں کسے شمار کرتے ہو ؟'' صحابہ کرام رضی اﷲ تعالی عنہم نے عرض کیا جو اﷲ عزوجل کی راہ میں مارا جائے وہ شہید ہے تو نبئ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا'' اس طرح تو میری امت میں شہید بہت کم ہوں گے۔ ''تو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا'' تو پھر شہید کون ہے یارسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم !'' فرمایا، ''جو اللہ عزوجل کی راہ میں مارا جائے وہ شہید ہے اور جو اللہ عزوجل کی راہ میں مر جائے وہ شہید ہے اور جو طاعون میں مبتلاء ہوکر مرجائے وہ بھی شہید ہے اور جو پیٹ کی بیماری میں مبتلاء ہو کر مرے وہ بھی شہید ہے''

    ابن مقسم نے فرمایا کہ میں گواہی دیتا ہوں کہ ابو صالح رضی اللہ عنہ نے یہ بھی فرمایا تھا کہ'' جو سمندر میں ڈوب کر مرے وہ بھی شہید ہے ۔''ایک اور روایت میں ہے کہ شہدا ء پانچ ہیں (۱)طاعون میں مبتلاء ہوکر مرنے والا (۲)پیٹ کی بیماری کے سبب مرنے والا (۳)سمندر میں ڈوب کر مرنے والا (۴) ملبے تلے دب کر مرنے والا۔( ۵) اللہ عزوجل کی راہ میں قتل کیا جانے والا۔
(مسلم ، کتاب الامارۃ ،باب بیان الشہداء ، رقم۱۹۱۴،ص۱۰۶۰)
(۴۸۷) ۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا جابر بن عتیک رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ شہنشاہِ خوش خِصال، پیکرِ حُسن وجمال،، دافِعِ رنج و مَلال، صاحب ِجُودو نوال، رسولِ بے مثال، بی بی آمنہ کے لال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم حضرتِ سیدنا عبداللہ بن ثابت رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کی عیادت کے لیے تشریف لائے تو انہیں نزع کے عالم میں پایا پھر انہیں پکارا تو انھوں نے جواب نہ دیا توآپ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ
Flag Counter