Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
179 - 736
 (۴۶۱) ۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا عامر بن ربیعہ رضی اﷲ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ خاتِمُ الْمُرْسَلین، رَحْمَۃُ الِّلْعٰلمین، شفیعُ المذنبین، انیسُ الغریبین، سراجُ السالکین، مَحبوبِ ربُّ العلمین، جنابِ صادق و امين صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''جب بندہ مرجاتاہے اور اللہ عزوجل اس کی برائی کو جانتاہے جبکہ لوگ(اپنے علم کے مطابق) اس کی بھلائی بیان کرتے ہیں تو اللہ عزوجل اپنے ملائکہ سے فرماتا ہے،'' بیشک میں نے اپنے بندوں کی گواہی اپنے اس بندے کے حق میں قبول فرمالی اور اس کے جو گناہ میرے علم میں ہیں معاف فرمادئیے۔''
    (مجمع الزوائد، کتاب الجنائز،باب الثناء علی المیت، رقم ۳۹۶۰،ج ۳، ص ۸۴)
تعزیت کرنے کا ثواب
(۴۶۲)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا عبداللہ رضی اﷲ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ تاجدارِ رسالت، شہنشاہِ نُبوت، مَخْزنِ جودوسخاوت، پیکرِ عظمت و شرافت، مَحبوبِ رَبُّ العزت،محسنِ انسانيت صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''جو کسی مصیبت زدہ سے تعزیت کریگا اس کے لئے اس مصیبت زدہ جتنا ثواب ہے ۔''
   (سنن الترمذی، کتاب الجنائز ،باب ماجاء فی اجر من عزی مصابا، رقم ۱۰۷۵، ج۲ ،ص ۳۳۸)
(۴۶۳) ۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا عَمْرو بن حزم رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''جو بندۂ مومن اپنے کسی مصیبت زدہ بھائی کی تعزیت کر ے گااللہ عزوجل قیامت کے دن اسے کرامت کا جوڑا پہنائے گا۔''
    (سنن ابن ماجہ، کتاب الجنائز ،باب ماجاء فی ثواب من عزی مصابا، رقم ۱۶۰۱،ج۲، ص ۲۶۸ )
(۴۶۴) ۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو بردہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ سرکارِ والا تَبار، ہم بے کسوں کے مددگار، شفیعِ روزِ شُمار، دو عالَم کے مالک و مختار، حبیبِ پروردگارصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''جو کسی ایسی عورت سے تعزیت کرے گاجس کا بچہ گم ہوگیا تو اللہ عزوجل جنت میں اسے ایک چادر پہنائے گا ۔''
  (جامع التر مذی ، کتاب الجنائز ، باب اٰخر فی فضل التعزیۃ ، رقم ۱۰۷۸ ، ج۲ ، ص ۳۳۹)
(۴۶۵) ۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا جابر رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ آقائے مظلوم، سرورِ معصوم، حسنِ اخلاق کے پیکر،نبیوں کے تاجور، مَحبوبِ رَبِّ اکبرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''جو کسی غمزدہ شخص سے تعزیت کر ے گا اللہ عزوجل اسے تقوی کا لباس پہنائے گا اور روحو ں کے درمیان اس کی روح پر رحمت فرمائے گا اور جو کسی مصیبت زدہ سے تعزیت کرے گا اللہ عزوجل اسے جنت کے جوڑوں میں سے دوایسے جوڑے پہنائے گا جن کی قیمت (ساری )دنیا بھی نہیں ہوسکتی۔''
(المعجم الاوسط طبرانی، رقم ۹۲۹۲، ج۶، ص ۴۲۹ )
Flag Counter