| جنت میں لے جانے والے اعمال |
(۴۵۲)۔۔۔۔۔۔ ام المومنین حضرتِ سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا سے روایت ہے کہ شہنشاہِ مدینہ،قرارِ قلب و سینہ، صاحبِ معطر پسینہ، باعثِ نُزولِ سکینہ، فیض گنجینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''جس میت پر مسلمانوں کا ایک گروہ نماز پڑھ لے اور اس گروہ کی تعداد سوکو پہنچ چکی ہو اور ان میں سے ہر ایک میت کے لئے استغفارکرے تواس کی مغفرت کر دی جاتی ہے ۔''
(مسلم ، کتاب الجنائز ، رقم۹۴۷،ص۴۷۳)
(۴۵۳)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابن عمر رضی اللہ تعالی عنہما سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''جس میت پر سو مسلمان نماز پڑھیں ،اللہ تعالی اس کی مغفرت فرمادیتا ہے ۔''
(مجمع الزوائد ، کتاب الجنائز ، رقم۴۱۸۹،ص۱۴۵ )
(۴۵۴)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا حَکَم بن فَرُّوخ رضی اﷲ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ ایک جنازے پرحضرت سیدنا ابو ملیح رضی اللہ عنہ نے ہمیں نماز پڑھائی۔ ہم نے گمان کیا کہ شاید آپ رضی اللہ عنہ نے تکبیر کہہ دی ہے لیکن آپ رضی اللہ عنہ نے ہماری طرف رخ کرکے فرمایا،'' اپنی صفیں درست کرلو اور میت کے لئے اچھی سفارش کرو ۔''
حضرت سیدناابو ملیح رضی اﷲ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ مجھے ام المؤمنین مَیْمُونَہ رضی اللہ تعالی عنہا کی طرف سے یہ خبر پہنچی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا،'' جس میت پر لوگوں کا ایک گروہ نماز پڑھ لے تو ان لوگوں کی سفارش میت کے حق میں قبول کرلی جاتی ہے۔'' (حضرتِ سیدنا حکم بن فروخ رضی اﷲ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ) میں نے سیدناابوالملیح رضی اللہ عنہ سے اس گروہ کی تعداد کے بارے پوچھا تو انہوں نے فرمایا چالیس ۔(نسائی ، کتاب الجنائز ،ج۲، ص۷۵)
(۴۵۵) ۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا کُرَیب رضی اﷲ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ حضرتِ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کے بیٹے کا انتقا ل ہوا تو آپ رضی اللہ عنہ نے مجھ سے فرمایا ،''اے ابو کریب! ذرادیکھوکتنے لوگ جمع ہو ئے ہیں؟'' میں نے جا کر دیکھا تو کافی لوگ جمع ہو چکے تھے۔ میں نے انہیں اس کے بارے میں بتایا توآپ رضی اللہ عنہ نے دریافت فرمایا کہ'' تمہارا کیا خیا ل ہے کہ وہ چالیس ہو جائیں گے؟'' میں نے کہا ،''جی ہاں۔'' تو آپ رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ'' (اب)میت کو لے چلو کیونکہ میں نے رحمتِ عالم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ ''جو مسلمان مر جائے اور اس کی میت پر چالیس مسلمان نماز پڑھیں تو اللہ تعالی ان کی سفارش میت کے حق میں قبول فرماتا ہے۔ ''
(مسلم ، کتاب الجنائز ، رقم۹۴۸،ص۴۷۳)