Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
172 - 736
اللہ تعالی سے ملاقات کو پسند کرنے کا ثواب
(۴۴۲) ۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا عبادہ بن صامت رضی اﷲ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ اللہ عزوجل کے مَحبوب، دانائے غُیوب، مُنَزَّہ عَنِ الْعُیوب صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''جو اللہ عزوجل سے ملنا پسند کرتاہے اللہ اس سے ملنا پسند فرماتاہے اور جو اللہ عزوجل سے ملنا پسند نہیں کر تاہے اللہ عزوجل اس سے ملنا پسند نہیں فرماتا ہے۔ ''
  (مسلم ، کتاب الذکر والدعاء ، رقم۲۶۸۳، ص۱۴۴۱)
(۴۴۳) ۔۔۔۔۔۔ ام المؤمنین حضرتِ سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''جو اللہ عزوجل سے ملناپسند کرتاہے اللہ اس سے ملناپسند فرماتاہے اور جو اللہ عزوجل سے ملنا ناپسند کرتا ہے اللہ عزوجل اس سے ملنا ناپسند فرماتا ہے۔'' میں نے عرض کیا ،''یا رسول اﷲصلی اللہ علیہ وسلم! کیا اس سے مراد موت کو ناپسند کرنا ہے کیونکہ ہم میں سے ہر ایک موت کو ناپسند کرتاہے؟''

     فرمایا،'' ایسا نہیں بلکہ مؤمن کو جب اللہ عزوجل کی رحمت اور اس کی رضا اور اس کی جنت کی بشارت دی جاتی ہے تو وہ اللہ عزوجل سے ملنا پسند کرتا ہے اور اللہ تعالیٰ اس سے ملنا پسند فرماتا ہے اور کافر کو جب اللہ عزوجل کے عذاب اور اس کی ناراضگی کی خبر دی جاتی ہے تو وہ اﷲ عزوجل سے ملنا نا پسند کرتا ہے اوراﷲ عزوجل اس سے ملنا ناپسند فرماتاہے ۔''
(مسلم ، کتاب الذکر والدعاء ، رقم۲۶۸۴، ص۱۴۴۱)
(۴۴۴) ۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ شہنشاہِ خوش خِصال، پیکرِ حُسن وجمال،، دافِعِ رنج و مَلال، صاحب ِجُودو نوال، رسولِ بے مثال، بی بی آمنہ کے لال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ''اللہ عزوجل فرماتا ہے کہ جب میرا بندہ مجھ سے ملنا پسند کرتا ہے تو میں اس سے ملنا پسند فرماتا ہوں اور جب وہ مجھ سے ملاقات کو ناپسند کرتا ہے تو میں اس سے ملاقا ت کو ناپسند کرتا ہوں ۔''
 (صحیح البخاری ، کتاب التو حید ، باب قول اللہ تعالی لا یریدون ان یبدلوا.. الخ ، رقم ۷۵۰۴ ،ج ۴ ، ص ۵۷۴)
(۴۴۵) ۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا معاذ بن جبل رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ خاتِمُ الْمُرْسَلین، رَحْمَۃُ الِّلْعٰلمین، شفیعُ المذنبین، انیسُ الغریبین، سراجُ السالکین، مَحبوبِ ربُّ العلمین، جنابِ صادق و امين صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''اگر تم چاہوتو میں تمہیں بتاؤں کہ قیامت کے دن اللہ عزوجل مؤمنوں سے سب سے پہلے کیا فرمائے گا اور مؤمنین اﷲ کی بارگاہ میں سب سے پہلے کیا عرض کریں گے ؟''ہم نے عر ض کیا،'' جی ہاں یارسول اﷲصلی اللہ علیہ وسلم! ضرور بتائیے۔'' فرمایا،'' بے شک اللہ عزوجل مؤمنین سے فرمائے گا کیا تم میری ملاقات کو پسند کرتے تھے ؟'' تو وہ عرض کریں گے ''ہاں اے ہمارے رب عزوجل!'' وہ پوچھے گا،'' کیوں ؟''
Flag Counter