Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
169 - 736
ہوئی کرامت اپنے اہل پر ظاہر کریں گے۔'' 

    اس کے بعد حضرتِ سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اﷲ تعالی عنہ مسجد میں داخل ہوئے تو دیکھا کہ دوشخص ان سے پہلے مسجد میں نماز جمعہ کے لئے حاضر ہیں تو حضرت عبداﷲبن مسعود رضی اللہ تعالی عنہ نے فرمایا،'' دوشخص موجود ہیں اور میں تیسرا ہوں اور اگر اللہ تعالی نے چاہا تو تیسرے میں بھی برکت عطا فرمائے گا ۔''
    (الطبرانی فی الکبیر، رقم۹۱۶۹، ج۹،ص۲۳۸)
    شیخ ابو طالب مکی رحمۃ اللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں کہ قرن اول میں سحری کے وقت اور فجر کے بعد راستے لوگوں سے بھر ے ہوئے ہوتے تھے اور لوگ چراغوں کی روشنی میں جوق در جوق اس طرح جامع مسجد کی طرف جمعہ کے لئے جایا کرتے تھے جس طرح وہ نمازِ عید کے لئے جاتے ہیں اور کہا گیا ہے کہ اسلام میں جو پہلی بدعت رائج ہوئی وہ جمعہ کے لئے مسجد کی طرف صبح سویرے نہ جانا ہے۔''

    امام غزالی رحمۃ اللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں کہ مسلمان یہود ونصاریٰ سے حیا ء کیوں نہیں کرتے ؟کیونکہ وہ ہفتے اور اتوار کے دن خرید وفروخت اور کنیساء کی طرف جانے میں جلدی کرتے ہیں اور دنیا کے طلبگا ر بازار کی طرف نفع اور تجارت کے لئے جانے میں جلدی کرتے ہیں تو آخرت کے طلب گا ر ان سے سبقت کیوں نہیں لے جاتے ؟''
جمعہ کے دن سورہ آل عمران پڑھنے کا ثواب
(۴۳۶) ۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابن عباس رضی اﷲ تعالی عنہما سے روایت ہے کہ آقائے مظلوم، سرورِ معصوم، حسنِ اخلاق کے پیکر،نبیوں کے تاجور، مَحبوبِ رَبِّ اکبرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' جو جمعہ کے دن وہ سورت پڑھے جس میں اٰلِ عمران کا تذکرہ کیا گیا ہے تو اﷲعزوجل غروب آفتاب تک اس پررحمت نازل فرماتا رہتا ہے اور اس کے فرشتے اس بندے کے لئے دعائے مغفرت کرتے رہتے ہیں ۔''
   (الطبرانی فی الکبیر ، رقم ۱۱۰۰۲،ج۱۱، ص۴۰)
جمعہ کے دن سورۂ کہف پڑھنے کا ثواب
(۴۳۷) ۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو سَعِیْد خُدْرِی رضی اﷲ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی مُکَرَّم،نُورِ مُجسَّم، رسول اکرم، شہنشاہ ِبنی آدم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،''جو جمعہ کے دن سورۂ کہف پڑھے اس کے لئے دو جمعوں کے درمیان ایک نور روشن کردیا جاتاہے ۔''جبکہ ایک روایت میں ہے کہ جو شب جمعہ کو سورۂ کہف پڑھے اس کے اور بیت العتیق کے درمیان ایک نور روشن کردیا جاتاہے۔''
(شعب الایمان،رقم۲۴۴۴، ج۲، ص۴۷۴ )
Flag Counter