(۴۲۲) ۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ شہنشاہِ مدینہ،قرارِ قلب و سینہ، صاحبِ معطر پسینہ، باعثِ نُزولِ سکینہ، فیض گنجینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ،''جمعہ کے دن سے افضل کسی دن پر نہ تو سورج طلوع ہوتا ہے نہ ہی غروب ہوتاہے اور انسان وجن کے علاوہ زمین پر رینگنے والا ہرجانور جمعہ کے دن سے ڈرتاہے۔''
(المعجم الاوسط طبرانی، رقم ۸۷۹۰ ،ج۶ ،ص ۲۸۵)
(۴۲۳) ۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے ایک مرتبہ جمعہ کے دن کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا کہ'' جمعہ کے دن میں ایک ایسی ساعت ہے کہ جو مسلمان اس میں نماز پڑھتے ہوئے اللہ عزوجل سے سوال کرے تواللہ عزوجل اسے وہ چیز ضرور عطا فرمائے گا ۔''پھر آپ نے اپنے دست مبارکہ سے اس ساعت کی مقدار کی کمی کی طر ف اشارہ فرمایا ۔
وضاحت:
اس ساعت کی تعیین میں علمائے کرام کا اختلاف ہے بعض کا خیال ہے کہ ''یہ طلوع فجرسے طلوع شمس تک کا وقت ہے۔'' ان کی دلیل میرے علم میں نہیں اور بعض کی رائے یہ ہے کہ'' اس ساعت سے مرادامام کے خطبہ کیلئے منبر پر بیٹھنے سے نماز جمعہ پڑھ لینے تک کا وقت ہے ۔''ان کی دلیل مسلم شریف کی حضرتِ سیدنا ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ تعالی عنہ کی یہ روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایاکہ'' اس ساعت سے مراد امام کے منبر پربیٹھنے سے لے کر نماز جمعہ کی انتہا تک کا وقت ہے۔''جبکہ بعض کہتے ہیں کہ ''یہ عصر اور مغرب کے درمیان کا وقت ہے ۔''ان کی دلیل ابن ماجہ میں حضرتِ سیدنا عبداللہ بن سلا م رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی صحیح حدیث ہے کہ نبئ اکرم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم تشریف فرماتھے کہ میں نے عرض کیا ،''یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! ہم قرآن مجید میں جمعہ کے دن میں ایک ایسی سا عت کا تذکرہ پاتے ہیں جس میں کوئی مومن بندہ اس گھڑی میں نماز پڑھتے ہوئے اللہ عزوجل سے کسی شے کا سوال کرے تو اللہ عزوجل اسے وہ شے ضرور عطا فرمائے گا۔''تو سرورِکونین صلی اللہ علیہ وسلم نے میری طر ف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا ''یاساعت کا کچھ حصہ (یعنی تمہاری مراد ساعت کا کچھ حصہ تو نہیں ؟)'' تو میں نے عر ض کیا ، ''آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سچ فرمایا ،یہی میری مراد ہے۔ ''پھرمیں نے عر ض کیا،''یہ کونسی ساعت ہے ؟''فرمایا ،''دن کی آخری ساعت۔'' میں نے عرض کیا،''یہ نماز کاوقت تو نہیں ہے ؟'' فرمایا،''کیوں نہیں بندہ جب ایک نماز کے بعد دوسری نماز کے انتظار میں بیٹھتاہے تو وہ نماز ہی میں ہوتا ہے ۔''
اوران کی دوسری دلیل حضرت جابر رضی اللہ عنہ کی یہ روایت ہے کہ رسول اللہ نے فرمایا،'' جمعہ کے دن میں بارہ گھنٹے ہیں ان میں جو بندہ اللہ عزوجل سے کچھ مانگے تواللہ عزوجل اسے وہ چیز ضرو ر عطا فرمائے گا، لہذا! جمعہ کے دن عصر کے بعد آخری گھڑی میں اسے تلاش کرو ۔'' واللہ اعلم بالصواب(بخاری شریف ،کتاب الجمعہ، باب الساعۃ التی فی یوم الجمعہ، رقم ۹۳۵،ج۱ ،ص ۳۲۱ )