| جنت میں لے جانے والے اعمال |
(۴۱۱) ۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا عبداللہ بن ابو قتادہ رضی اللہ تعالی عنہما فرماتے ہیں کہ میرے والد صاحب جمعہ کے دن ہمارے پاس تشریف لائے۔ میں اس وقت غسل کررہا تھا ۔ انہوں نے پوچھا،'' تم نے یہ غسل' جنابت کی وجہ سے کیا ہے یا پھر جمعہ کیلئے؟'' میں نے عرض کیا ،''جنابت کی وجہ سے۔'' تو انہوں نے فرمایا،'' دوبارہ غسل کرو کیونکہ میں نے سرکارِمدینہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ جوشخص جمعہ کے دن غسل کریگا اگلے جمعہ تک پاک رہے گا۔''
(مجمع الزوائد، کتاب الصلاۃ، رقم ۳۰۶۴ ،ج۲ ،ص ۳۹۱)
(۴۱۲) ۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو اُمَامَہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ سیِّدُ المبلغین، رَحْمَۃ لِّلْعٰلَمِیْن صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ،'' بے شک جمعہ کے دن غسل کرنا گناہوں کو بالوں کی جڑوں سے بھی نکال دیتا ہے ۔''
(المعجم الکبیر ،رقم ۷۹۹۶، ج۸ ،ص ۲۵۶)
(۴۱۳) ۔۔۔۔۔۔ امیرالمومنین حضرتِ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ اللہ عزوجل کے مَحبوب، دانائے غُیوب، مُنَزَّہ عَنِ الْعُیوب صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا جس نے جمعہ کے دن غسل کیا اس کے گناہ اور خطائیں معاف کردی جائیں گی ۔''
(مجمع الزوائد ، کتاب الصلاۃ،رقم ۳۰۶۲، ج۲ ،ص ۳۹۱)