حضرتِ سیدنا ابن مسعود رضی اللہ تعالی عنہ جب لوگوں کے سوجانے کے بعد اٹھ کر قیام فرمایا کرتے تو ان سے صبح تک شہد کی مکھی کی سی بھنبھناہٹ سنائی دیتی۔
حضرتِ سیدنا شداد بن اوس رضی اللہ عنہ جب اپنے بستر پر جاتے تو اس طرح کروٹیں بدلتے جیسے ہنڈیامیں گندم کادانہ اُلٹ پُلٹ ہوتا ہے اور فرماتے، ''جہنم کی یاد مجھے نیند سے روک رہی ہے۔'' پھراٹھ کر نماز پڑھنے لگتے۔
حضرتِ سیدنا طاؤس رضی اللہ عنہ اپنا بستر بچھا کر اس پر لیٹ جاتے اورپھر اس طرح کروٹیں بدلتے جیسے ہنڈیا میں دانہ اُچھلتاہے پھراچھل کر کھڑے ہوتے اور بستر کوتہہ کرکے رکھ دیتے اورصبح تک نماز میں مشغول رہتے پھر کہتے '' جہنم کی یاد نے عبادت گزاروں کی نیندیں اُڑا دی ہیں ۔''
حضرتِ سیدنا عبدالعزیز بن رواد رحمۃ اللہ علیہ رات کو سونے کے لئے اپنے بستر پر آتے اوراس پر ہاتھ پھیر کر کہتے ،'' تُو بہت نرم اورعمدہ ہے مگر اللہ عزوجل کی قسم! جنت کا بستر تجھ سے زیادہ نرم ہوگا پھر ساری رات نماز پڑھتے رہتے ۔''
حضرتِ سیدنا صلہ بن اشیم رضی اللہ عنہ ساری رات نماز پڑھتے جب صبح ہوتی تو اللہ عزوجل کی بارگاہ میں عرض کرتے ،''الہٰی ! میں جنت کے قابل تو نہیں مگر تو اپنی رحمت سے مجھے جہنم سے پناہ عطا فرما۔''
حضرتِ سیدنا مسروق رضی اللہ عنہ کی زوجہ محترمہ فرماتی ہیں کہ حضرتِ سیدنا مسروق رضی اللہ عنہ کی ٹانگیں نماز کی کثرت سے ہر وقت سوجی رہتی تھیں ، اگر میں ان کے پیچھے بیٹھتی ہوں تو خدا کی قسم! ان پر رحم کھا کررو پڑتی ہوں۔''
حضرتِ سیدنا جنید بغدادی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ میں نے حضرتِ سیدنا سری سقطی علیہ الرحمۃ سے زیادہ کسی عبادت گزار کو نہیں دیکھا آپ علیہ الرحمۃنے اٹھانوے سال کی عمر پائی مگر مرض موت کے علاوہ آپ رضی اللہ عنہ کو کبھی آرام کرتے ہوئے نہیں دیکھا گیا۔
حضرتِ سیدنا ابو محمد مغازلی علیہ الرحمۃ فرماتے ہیں کہ حضرتِ سیدنا ابو محمد جریری رحمۃ اللہ علیہ نے ایک سال مکہ مکرمہ میں گزارا اس دوران نہ آپ علیہ الرحمۃ سوئے ، نہ کسی سے کوئی بات کی نہ کسی ستون یا دیوار سے ٹیک لگا کر بیٹھے اورنہ ہی اپنے پاؤں پھیلائے ۔
حضرتِ سیدنا مغیرہ بن حبیب علیہ الرحمۃ فرماتے ہیں کہ میں نے حضرتِ سیدنا مالک بن دینار علیہ الرحمۃکو دیکھا کہ آ پ نے عشاء کے بعد وضو کیا، پھر جائے نماز پرپہنچ کراپنی داڑھی پکڑ کر رونے لگے اورعرض کرنے لگے،'' اے اللہ عزوجل! مالک کے بڑھاپے کو جہنم پر حرام فرما دے ، اے اللہ عزوجل ! تو جانتا ہے کہ جنتی کون ہے اور جہنمی کون ؟ اور "مالک" ان دونوں میں سے کون ہے ۔