Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
135 - 736
باوُضو سونے کا ثواب
(۳۴۸)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو اُمَامَہ رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے خاتِمُ الْمُرْسَلین، رَحْمَۃُ الِّلْعٰلمین، شفیعُ المذنبین، انیسُ الغریبین، سراجُ السالکین، مَحبوبِ ربُّ العلمین، جنابِ صادق و امين صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو فرماتے ہوئے سنا ،''جو باوضو اللہ عزوجل کا ذکر کرتے ہوئے اپنے بسترکی طرف آئے یہاں تک اس پر غنودگی چھا جائے تو وہ رات کی جس گھڑی میں بھی اللہ عزوجل سے دنیا اور آخرت کی جو بھلائی طلب کریگا اللہ عزوجل اسے وہ بھلائی عطا فرمادے گا۔''
(سنن تر مذی ،کتا ب الدعوات ،باب ۹۲، رقم ۳۵۳۷ ، ج ۵ ،ص ۳۱۱)
(۳۴۹)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابن عمر رضی اللہ تعالی عنہ نے فرمایا کہ تاجدارِ رسالت، شہنشاہِ نُبوت، مَخْزنِ جودوسخاوت، پیکرِ عظمت و شرافت، مَحبوبِ رَبُّ العزت،محسنِ انسانيت صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' جو شخص باوضو رات گزارتاہے تو ایک فرشتہ اس کے پہلو میں رات گزارتاہے، جب وہ بیدارہوتاہے توفرشتہ عرض کرتا ہے،'' اے اللہ عزوجل! اپنے فلاں بندے کی مغفرت فرمادے کہ اس نے باوضو رات گزاری ہے۔''
  (الاحسان بترتیب صحیح ابن حبان ،کتا ب الطھارۃ ،باب فضل الوضوء ،رقم ۱۰۴۸ ،ج ۲ ،ص ۱۹۴)
(۳۵۰)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا معاذ بن جبل رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' کہ جو مسلمان باوضو سوئے پھر جب وہ رات میں بیدار ہو اور اللہ عزوجل سے دنیا اور آخرت کی کوئی بھلائی طلب کر ے تو اللہ عزوجل اسے وہ بھلائی عطا فرمادے گا۔''
(سنن ابی داؤد ،کتا ب الادب ، باب فی النوم علی طھارۃ ،رقم ۵۰۴۲ ، ج ۴ ، ص ۴۰۳)
(۳۵۱)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما سے روایت ہے کہ سرکارِ والا تَبار، ہم بے کسوں کے مددگار، شفیعِ روزِ شُمار، دو عالَم کے مالک و مختار، حبیبِ پروردگارصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' اپنے اجسام کو خوب پاک رکھا کرو اللہ عزوجل تمہیں پاک فرمادے گا کیونکہ جو شخص پاک رہتے ہو ئے رات گزارتاہے تواس کے پہلو میں ایک فرشتہ بھی رات گزارتاہے اور رات کی کوئی گھڑی ایسی نہیں گزرتی جس میں وہ یہ دعا نہ کرتا ہو،'' اے اللہ ! اپنے بندے کی مغفر ت فرمادے کیونکہ یہ باوضو سو رہا ہے۔''
  (طبرانی اوسط ، رقم ۵۰۸۷ ، ج ۴، ص ۲۶)
Flag Counter