ظہر سے پہلے کی نماز کے بیان میں حضرتِ سیدنا براء بن عازب رضی اللہ تعالی عنہ کی حدیث گزر چکی کہ نبی مُکَرَّم،نُورِ مُجسَّم، رسول اکرم، شہنشاہ ِبنی آدم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' جس نے ظہر سے قبل چار رکعتیں اداکیں گویا اس نے وہ رکعتیں تہجد میں ادا کیں اور جس نے عشاء کے بعد چار رکعتیں ادا کیں گویا کہ اس نے شب قدر میں چار رکعتیں (نفل)ادا کیں ۔''
(۳۴۱)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا اَنس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ شہنشاہِ مدینہ،قرارِ قلب و سینہ، صاحبِ معطر پسینہ، باعثِ نُزولِ سکینہ، فیض گنجینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' ظہر سے پہلے چار رکعتیں عشاء کے بعد چار رکعتیں ادا کرنے کی طرح ہے اور عشاء کے بعد چار رکعتیں ادا کرناشب قدر میں چار رکعتیں ادا کرنے کے برابرہے۔''