Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
132 - 736
مغرب کے بعد چھ رکعتیں اداکرنے کا ثواب
(۳۳۶)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ تاجدارِ رسالت، شہنشاہِ نُبوت، مَخْزنِ جودوسخاوت، پیکرِ عظمت و شرافت، مَحبوبِ رَبُّ العزت،محسنِ انسانيت صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''جو مغرب کے بعد چھ رکعتیں اس طرح ادا کرے کہ ان کے درمیان کو ئی بری بات نہ کہے تو یہ چھ رکعتیں بارہ سال کی عبادت کے برابر ہوں گی۔ ''
(سنن ابن ماجہ ،کتاب اقامۃ الصلوۃ ، باب ماجاء فی الست الرکعات بعد المغرب ،رقم ، ۱۱۶۷ ،ج ۲، ص ۴۵)
(۳۳۷)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا عمار بن یاسر رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں میں نے نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو مغرب کے بعد چھ رکعتیں اداکرتے دیکھا اور آپ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ'' جو مغر ب کے بعد چھ رکعتیں ادا کریگا اس کے گناہ معاف کردیئے جائیں گے اگرچہ سمندر کی جھاگ کے برابر ہوں۔''
(طبرانی اوسط ، رقم ، ۷۲۴۵ ،ج ۵ ،ص ۲۵۵)
(۳۳۸)۔۔۔۔۔۔ ام المومنین حضرتِ سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا سے روایت ہے کہ سرکارِ والا تَبار، ہم بے کسوں کے مددگار، شفیعِ روزِ شُمار، دو عالَم کے مالک و مختار، حبیبِ پروردگارصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،''، جو شخص مغرب کے بعد چھ رکعتیں ادا کرے گا، اللہ عزوجل اس کیلئے جنت میں ایک گھربنائے گا۔''
(سنن ابن ماجہ ، کتاب اقامۃ الصلوۃ ، با ب ماجاء فی الصلوۃ بین المغر ب والعشاء، رقم ۱۳۷۳ ، ج ۲، ص ۱۵۰)
(۳۳۹)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا حذیفہ رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ میں آقائے مظلوم، سرورِ معصوم، حسنِ اخلاق کے پیکر،نبیوں کے تاجور، مَحبوبِ رَبِّ اکبرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کی خدمت میں حاضرہوا پھر میں نے آپ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی اقتداء میں نماز مغر ب ادا کی اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم عشاء تک نمازادا فر ما تے رہے ۔
(التر غیب والترہیب ،التر غیب فی الصلوۃ بین المغر ب والعشاء، رقم ۷ ،ج ۱ ،ص ۲۲۸)
(۳۴۰)۔۔۔۔۔۔ حضر ت اَنَس رضی اللہ تعالی عنہ ، اللہ تعالی کے فرمان
'' تَتَجَافٰی جُنُوْبُھُمْ عَنِ الْمَضَاجِعِ
ترجمہ کنزالایمان :ان کی کروٹیں جداہوتی ہیں خواب گاہوں سے(پ۲۱ ،السجدہ: ۱۶)۔کی تفسیر میں فرماتے ہیں ان سے مرادوہ لوگ ہیں جو مغرب اور عشاء کے درمیان نوافل اداکیاکرتے ہیں۔''
(سنن ابی داؤد ،کتا ب التطو ع ، باب وقت قیام النبی   من اللیل ،رقم ۱۳۲۱ ، ج ۲ ،ص ۵۳)
Flag Counter