Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
131 - 736
عصر کی پہلی چار رکعتوں کا ثواب
(۳۳۲)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابن عمر رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''اللہ عزوجل اس شخص پر رحم فرمائے جو عصر سے پہلے چار رکعتیں ادا کرتاہے۔ ''
(سنن ابی داؤد ، کتاب التطوع ،با ب الاربع قبل الظھروبعدھا ،رقم ۱۲۷۱ ، ج ۲، ص ۳۵)
(۳۳۳)۔۔۔۔۔۔ ام المومنین حضرتِ سیدتنا ام سلمہ رضی اللہ تعالی عنہا سے روایت ہے کہ سرکارِمدینہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا '' جو عصر سے پہلے چار رکعتیں ادا کریگا اللہ عزوجل اس کے بدن کوجہنم پر حرام فرمادے گا۔''
     (طبرانی کبیر ، رقم ۶۱۱ ،ج ۲۳ ، ص ۲۸۱)
(۳۳۴)۔۔۔۔۔۔ ا م المومنین حضرتِ سیدتنا ام حبیبہ رضی اللہ تعالی عنہا سے روایت ہے کہ شہنشاہِ خوش خِصال، پیکرِ حُسن وجمال،، دافِعِ رنج و مَلال، صاحب ِجُودو نوال، رسولِ بے مثال، بی بی آمنہ کے لال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ، ''جو عصر سے پہلے چار رکعتیں پابندی سے ادا کرے گا اسے جہنم کی آگ نہ چھو سکے گی۔''
(مجمع الزوائد ، کتا ب الصلوۃ ،باب الصلوۃ قبل العصر ، رقم ۳۳۳۲ ،ج ۲، ص ۴۶۰ ، بتغیر قلیل)
(۳۳۵)۔۔۔۔۔۔ امیرالمومنین حضرتِ سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ خاتِمُ الْمُرْسَلین، رَحْمَۃُ الِّلْعٰلمین، شفیعُ المذنبین، انیسُ الغریبین، سراجُ السالکین، مَحبوبِ ربُّ العلمین، جنابِ صادق و امين صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''کہ میری امت ہمیشہ عصر سے پہلے ان چار رکعتوں کو ادا کرتی رہے گی یہاں تک کہ ِاس دنيا ہی میں اس کی حتمی مغفرت کردی جائے گی۔''
 (طبرانی اوسط ، رقم ۵۱۳۱ ، ج ۴ ،ص ۳۸)
Flag Counter