Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
130 - 736
عنہانے عرض کیا ،''یا رسول اللہ! میں دیکھتی ہوں کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس گھڑی میں نماز پڑھنا پسند فرماتے ہیں؟'' توارشاد فرمایا، ''اس گھڑی میں آسمانوں کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں اور اللہ تبارک وتعالی اپنی مخلوق پر نظرِ رحمت فرماتاہے اور یہ وہی نماز ہے جسے حضرتِ سیدنا آدم ونوح و ابراہیم و موسیٰ و عیسیٰ علیہم السلام پابندی سے ادا کیا کرتے تھے ۔''
(الترغیب والترہیب ،کتاب النوافل،الترغیب فی الصلوۃ قبل الظھر وبعدھا ،رقم ۵ ،ج ۱، ص ۲۲۵)
(۳۳۰)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو ایوب رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ، ''ظہر سے پہلے جوچار رکعتیں ایک سلام سے ادا کی جاتی ہیں ،ان کے لئے آسمانوں کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں ۔''

    ایک روایت میں یہ اضافہ ہے کہ حضرتِ سیدنا ابو ایوب رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ ''جب سیِّدُ المبلغین، رَحْمَۃ لِّلْعٰلَمِیْن صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم ہمارے ہاں رونق افروز ہوئے تومیں نے دیکھا کہ آپ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم ظہر سے پہلے چار رکعتیں پابندی سے ادا کیا کرتے اور فرماتے کہ جب زوال شمس ہوتاہے تو آسمان کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں اور نماز ظہر کی ادائیگی تک ان میں سے کو ئی دروازہ بند نہیں کیا جاتااورمیں پسند کرتاہوں اس گھڑی میں میری طرف سے کوئی خیر اٹھائی جائے۔ ''
(سنن ابی داؤد ، کتاب التطوع ،با ب الاربع قبل الظھر، رقم ۱۲۷۰ ، ج ۲ ،ص ۳۵)
(۳۳۱)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدناقابوس رضی اللہ تعالی عنہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ میرے والد ِمحترم رضی اللہ تعالی عنہ نے مجھے ام المومنین حضرتِ سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا سے یہ پوچھنے کیلئے بھیجا کہ'' اللہ عزوجل کے مَحبوب، دانائے غُیوب، مُنَزَّہ عَنِ الْعُیوب صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کس نماز کو پابندی کے ساتھ اداکرنا پسند فرمایا کرتے تھے؟''تو آپ رضی اللہ تعالی عنہا نے فرمایا کہ'' نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم ظہر سے پہلے چار رکعتیں ادا فرمایا کرتے اور ان میں طویل قیام فرمایا کرتے اور ان رکعتوں کے رکوع وسجود نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ ادا فرماتے۔ ''

    اور حضرتِ سیدنا عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ'' دن کی نفل نمازوں میں ظہر کی چار رکعتوں کے علاوہ کوئی نمازرات کی نماز کے برابر نہیں اور دن میں ادا کی جانے والی نفل نمازوں پر ان رکعتوں کی فضیلت ایسے ہی ہے جیسے باجماعت نمازکی فضیلت تنہا پڑھی جانے والی نماز پرہے ۔''
 ( سنن ابن ما جہ ، کتا ب اقامۃ الصلوۃ والسنۃ فیھا ، باب فی الاربع الرکعات قبل الظھر، رقم ۱۱۵۶ ،ج ۲، ص ۳۹)
Flag Counter