Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
121 - 736
فجر کے بعد طلوعِ شمس تک ذکرُ اللہ عزوجل کرنے کاثواب
(۲۹۸)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا اَنَس بن مالک رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ آقائے مظلوم، سرورِ معصوم، حسنِ اخلاق کے پیکر،نبیوں کے تاجور، مَحبوبِ رَبِّ اکبرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' جس نے نماز فجر باجماعت ادا کی پھر طلوع ِآفتاب تک بیٹھ کر اللہ عزوجل کا ذکر کیا پھر دو رکعتیں ادا کیں اسے ایک کامل حج اور ایک کامل عمرے کا ثواب ملے گا۔''
(سنن ترمذی، کتا ب السفر ، با ب ذکر مایستحب من الجلوس فی المسجد ،رقم ۵۸۶ ،ج ۲، ص ۱۰۰)
(۲۹۹)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا معاذ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی مُکَرَّم،نُورِ مُجسَّم، رسول اکرم، شہنشاہ ِبنی آدم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' جو نماز فجر کے بعد چاشت کی دو رکعتیں ادا کرنے تک اپنی جگہ بیٹھا رہے او رخیر کے علا وہ کوئی بات نہ کہے اس کے گنا ہ معاف کردئیے جاتے ہیں اگر چہ سمندر کی جھاگ سے زیادہ ہوں ۔''
(مسند احمد ، مسندا لمکیین / حدیث معاذبن انس الجھنی ، رقم ۱۵۶۲۳ ، ج ۵ ،ص ۳۱۰)
(۳۰۰)۔۔۔۔۔۔ ام المؤمنین حضرتِ سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا فرماتی ہیں کہ میں نے شہنشاہِ مدینہ،قرارِ قلب و سینہ، صاحبِ معطر پسینہ، باعثِ نُزولِ سکینہ، فیض گنجینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو فرماتے ہوئے سنا کہ'' جو نماز فجر ادا کرنے کے بعد اپنی جگہ بیٹھا رہے اور کوئی دنیوی بات نہ کرے اوراللہ عزوجل کا ذکر کرتا رہے پھر چاشت کی چار رکعتیں اداکرے تو گناہوں سے ایسا پاک وصاف ہوجائے گا جیساپاک اس دن تھا جس دن اس کی ماں نے اسے جنا تھاکہ اس پر کوئی گناہ نہ تھا۔''
(مسند ابی یعلی ، مسند عائشہ ، رقم ۴۳۴۸ ،ج۴ ، ص ۹)
(۳۰۱)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا امام حسن بن علی رضی اللہ تعالی عنہما فرماتے ہیں کہ میں نے نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو فرماتے ہوئے سنا کہ'' جس نے فجر کی نماز ادا کی پھر طلوع آفتاب تک اللہ عزوجل کا ذکر کرتا رہا پھر دو یا چار رکعتیں ادا کیں اس کے بدن کوجہنم کی آگ نہ چھو سکے گی۔''
(شعب الایمان ، با ب فی الصیام / فصل فیمن فطر صائم ، رقم ۳۹۵۷ ،ج ۳، ص ۴۲۰)
(۳۰۲)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابواُمَامَہ رضی اللہ تعالی عنہ سے بھی ایسی ہی ایک حدیث پاک مروی ہے مگر اس میں رکعتوں کا ذکر نہیں ہے ۔
    (طبرانی کبیر ، رقم ۷۷۴۱ ، ج ۸ ،ص ۱۷۸)
(۳۰۳)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابواُمَامَہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ''جو فجر کی نماز باجماعت ادا کرے پھر طلوع ِ شمس تک بیٹھ کر اللہ عزوجل کا ذکر کرتا رہے ،پھر کھڑا ہو کر دو رکعتیں اداکرے تو ایک حج اور عمرے کا ثواب لیکر لوٹے گا۔
''        (طبرانی کبیر ، رقم ۷۷۴۱ ، ج ۸ ،ص ۱۷۸)
Flag Counter