Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
117 - 736
مسجد میں بیٹھ کر نماز کا انتظار کرنے کا ثواب
اللہ عزوجل نے فرمایا،۔۔۔۔۔۔
یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوا اصْبِرُوۡا وَصَابِرُوۡا وَرَابِطُوۡا ۟ وَاتَّقُوا اللہَ لَعَلَّکُمْ تُفْلِحُوۡنَ ﴿200﴾٪
ترجمۂ کنزالایمان :اے ایمان والوصبر کرو اور صبر میں دشمنوں سے آگے رہو اور سر حد پر اسلامی ملک کی نگہبانی کرو اور اللہ سے ڈرتے رہو اس امید پر کہ کامیاب ہو۔(پ 4، آل عمران: 200)

(۲۸۶)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ،''تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک نماز میں ہی ہوتاہے جب تک نماز اسے روکے رکھتی ہے(یعنی وہ نماز کے انتظار میں ہوتا ہے)، اور اس کے اپنی جگہ سے اٹھنے یا گفتگوکرنے تک ملائکہ عرض کرتے رہتے ہیں،'' اے اللہ عزوجل! اس کی مغفر ت فرما اے اللہ عزوجل! اس پر رحم فرما ۔''

    اور ایک روایت میں ہے کہ'' بندہ جب تک اپنی جگہ بیٹھ کر نماز کاانتظار کرتاہے نماز ہی میں ہوتا ہے اور ملائکہ اس کے اٹھنے یا محدِث ہونے تک اس کے لئے یہ دعا کرتے رہتے ہیں کہ'' اے اللہ! اس کی مغفرت فرما اے اللہ ! اس پر رحم فرما۔''عرض کیا گیا،'' حدث سے کیا مراد ہے ؟''ارشاد فرمایا،''بے آواز یا باآواز ریح خارج کرنا ۔''
(صحیح مسلم ،کتا ب المساجد ، باب فضل صلوۃ الجماعۃ ، رقم ۶۴۹ ،ج ۱ ،ص ۳۳۳)
(۲۸۷)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا جا بر بن عبد اللہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' کیا میں تمہیں ایسے عمل کے بارے میں نہ بتاؤں؟ جس کے سبب اللہ عزوجل خطاؤ ں کو مٹاتا اور گناہوں کومعا ف فرماتا ہے۔'' صحابہ کرام علیہم الرضوان نے عرض کیا،'' یا رسول اللہ! ضرور بتائیے۔''ارشاد فرمایا،'' مشقت کے وقت کامل وضو کرنا اور مسجدکی طرف کثر ت سے آمد ورفت رکھنا اور ایک نماز کے بعد دوسری نماز کا انتظار کرنا۔''
(الاحسان بترتیب صحیح ابن حبان ، کتا ب الطھارۃ ،با ب فضل الوضوء ، رقم ۱۰۳۶ ،ج ۲، ص ۱۸۸)
(۲۸۸)۔۔۔۔۔۔ امیر المومنین حضرتِ سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ سیِّدُ المبلغین، رَحْمَۃ لِّلْعٰلَمِیْن صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' مشقت کے وقت کامل وضو کرنا اور مسجد کی طرف چلنا اور ایک نماز کے بعد دوسری نماز کا انتظار کرنا گناہوں کو اچھی طرح دھو دیتا ہے۔''
( المستدرک للحاکم ،کتا ب الطہارۃ ،با ب فضیلۃ تحیۃ الوضوء ، رقم ۴۶۸ ،ج ۱، ص ۳۴۲)
Flag Counter