| جنت میں لے جانے والے اعمال |
(۲۷۱)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابودَرْدَاء رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے كہ شہنشاہِ مدینہ،قرارِ قلب و سینہ، صاحبِ معطر پسینہ، باعثِ نُزولِ سکینہ، فیض گنجینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ،''جو رات کے اندھیرے میں مسجد کی طرف چلے گا قیامت کے دن اللہ عزوجل سے منوَّر ہوکر ملے گا ۔''ابن حبان کی روایت کے الفاظ یہ ہیں ،''جو رات کے اندھیرے میں مسجد کی طرف چلے گااللہ عزوجل قیامت کے دن اسے اپنے نور کی زیارت کرائے گا ۔''
(صحیح ابن حبا ن ، کتاب الصلوۃ ، فصل فی فضل الجماعۃ ، رقم ۲۰۴۴، ج۳ ، جز ۳،ص ۲۴۶)
(۲۷۲)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا بُریدہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے كہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' رات کی تاریکی میں مسجد کی طرف چلنے والوں کو قیامت کے دن ملنے والے کامل نور کی بشارت دے دو۔''
(سنن ابی داؤد ،کتاب الصلوۃ ، باب ماجاء فی المشی الی الصلوۃ فی الظلام ،رقم ۵۶۱ ،ج ۱ ،ص ۲۳۲)
(۲۷۳)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے كہ حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ،''اللہ عزوجل رات کی تاریکیوں میں مسجد کی طرف چلنے والوں کے لئے قیامت کے دن ایک پھیلنے والا نور روشن فرمائے گا ۔ ''
(طبرانی اوسط ، رقم ۸۴۳ ،ج۱ ،ص ۲۴۵)
(۲۷۴)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا سہل بن سعد رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ سیِّدُ المبلغین، رَحْمَۃ لِّلْعٰلَمِیْن صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' رات کی تاریکیوں میں مسجد کی طرف چلنے والوں کو قیامت کے دن ایک کامل نور کی بشارت دی جائے گی ۔''
(سنن ابن ماجہ ، کتا ب المساجد والجماعا ت ، با ب المشی الی الصلوۃ ،رقم ۷۸۰ ،ج ۱ ،ص ۴۳۰)
(۲۷۵)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو اُمَامَہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ اللہ عزوجل کے مَحبوب، دانائے غُیوب، مُنَزَّہ عَنِ الْعُیوب صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ،''رات کی تاریکیو ں میں مسجد کی طرف آمدورفت رکھنے والوں کو نورکے منبروں کی بشارت دے دو، جب لوگ گھبراہٹ میں مبتلا ہو ں گے تو یہ گھبراہٹ سے محفوظ ہوں گے۔''
(طبرانی کبیر ، رقم ۷۶۳۳، ج ۸، ص ۱۴۲)
(۲۷۶)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے كہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ،''رات کی تاریکیوں میں مسجد کی طرف آمدورفت رکھنے والے اللہ عزوجل کی رحمت میں غوطے لگاتے ہیں۔''
(سنن ابن ماجہ ، کتا ب المساجد والجماعات ، با ب المشی الی الصلوۃ ، رقم ۷۷۹ ، ج ۱ ،ص ۴۲۹)
امام نخعی رحمۃ اللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں کہ صحابہ کرام علیہم الرضوان تاریک رات میں مسجد کی طرف چلنے کو جنت واجب کرنے والاعمل سمجھا کرتے تھے۔