| جنت میں لے جانے والے اعمال |
(۲۴۳)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا جابر رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے كہ شہنشاہِ مدینہ،قرارِ قلب و سینہ، صاحبِ معطر پسینہ، باعثِ نُزولِ سکینہ، فیض گنجینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' جس نے پانی کا کنواں کھدوایا اس کنویں میں سے جن وانس او ر پرندوں میں سے جو بھی پانی پئے گا اللہ عزوجل قیامت کے دن اس شخص کو اس کا ثواب عطا فرمائے گا اور جس نے اللہ عزوجل کے لئے چھوٹی سی مسجد بنائی اللہ عزوجل اس کے لئے جنت میں ایک گھر بنائے گا ۔''
(صحیح ابن خزیمہ ، با ب فی فضل المسجد ،رقم ۱۲۹۲ ، ج ۲، ص ۲۶۹)
(۲۴۴)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا اَنَس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے كہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' جو مسجد بنوائے خواہ چھوٹی ہو یا بڑی اللہ عزوجل اس کے لئے جنت میں ایک گھر بنائے گا ۔''
(سنن ترمذی ،ابواب الصلوۃ ،باب ماجاء فی فضل بنیان المسجد، رقم ۳۱۹،ج۱،ص ۳۴۳)