Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
104 - 736
رضائے الٰہی عزوجل کیلئے مسجد بنا نے کا ثواب
(۲۳۷)۔۔۔۔۔۔ امیرالمومنین حضرتِ سیدنا عثمان رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ میں نے خاتِمُ الْمُرْسَلین، رَحْمَۃُ الِّلْعٰلمین، شفیعُ المذنبین، انیسُ الغریبین، سراجُ السالکین، مَحبوبِ ربُّ العلمین، جنابِ صادق و امين صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو فرماتے ہوئے سنا کہ ''جو اللہ عزوجل کی خوشنودی چاہتے ہوئے مسجد بنائے گا اللہ عزوجل اس کے لئے جنت میں ایک گھر بنائے گا ۔''
(صحیح بخاری ، کتا ب الصلوۃ ، با ب من بنی مسجد ا ، رقم ۴۵۰ ، ج ۱، ص ۱۷۱)
(۲۳۸)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا بشر بن حَیَّان رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں ہم ایک مسجد بنارہے تھے کہ حضرتِ سیدنا واثلہ بن اسقع رضی اللہ تعالی عنہ ہمارے پاس تشریف لائے اور سلام کیا پھر فرمایا کہ میں نے سرور کونين صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ'' جو لوگوں کے نَماز پڑھنے کے لئے مسجد بنائے گااللہ عزوجل اس کے لئے جنت میں اس سے بہتر گھر بنائے گا۔''
(مسند احمد ، مسند المکین/ حدیث واثلۃ بن الاسقع ، رقم ۱۶۰۰۵ ، ج۵ ،ص ۴۱۹)
(۲۳۹)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے كہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا'' جو حلال مال سے مسجد بنائے گااللہ عزوجل اس کے لئے جنت میں موتی اور یاقوت کا گھر بنائے گا۔''
  (طبرانی اوسط ، رقم ۵۰۵۹، ج ۴ ،ص ۱۷)
(۲۴۰)۔۔۔۔۔۔ ام المومنین حضرتِ سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا سے روایت ہے کہ سرکارِ والا تَبار، ہم بے کسوں کے مددگار، شفیعِ روزِ شُمار، دو عالَم کے مالک و مختار، حبیبِ پروردگارصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ،''جو ریا کاری اور لوگوں کو سنانے کا ارادہ کئے بغیر مسجد بنائے گااللہ عزوجل اس کے لئے جنت میں ایک گھر بنائے گا۔''
  (طبرانی اوسط ، رقم ۷۰۰۵ ،ج ۵ ،ص۱۸۴)
(۲۴۱)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ آقائے مظلوم، سرورِ معصوم، حسنِ اخلاق کے پیکر،نبیوں کے تاجور، مَحبوبِ رَبِّ اکبرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا کہ'' بے شک مومن کے مرنے کے بعد بھی اس کے اعمال اور نیکیوں میں سے جو کچھ اس تک پہنچتا رہتاہے، ان میں سے ایک تو وہ علم ہے جسے اس نے لوگوں کو سکھایا اور پھیلایا ،وہ نیک اولاد ہے جسے اس نے چھوڑا یا وہ مصحف جسے ترکہ میں چھوڑا یا مسجد بنوائی یا نہر جاری کردی یا اپنی صحت اور حیات میں اپنے مال سے ایسا صدقہ دیا جس کا ثواب اسے مرنے کے بعد بھی ملتا رہے ۔''
   (سنن ابن ماجہ ،کتا ب السنہ ،باب ثواب معلم الناس الخیر ، رقم ۲۴۲ ، ج ۱، ص ۱۵۷)
(۲۴۲)۔۔۔۔۔۔حضرتِ سیدنا ابو ذر رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہےکہ نبی مُکَرَّم،نُورِ مُجسَّم، رسول اکرم، شہنشاہ ِبنی آدم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' جس نے اللہ عزوجل کے لئے تھوڑے رقبے پربھی مسجد بنائی تواللہ عزوجل اس کے لئے جنت میں ایک گھر بنائے گا۔''
 ( صحیح ابن حبا ن ، کتا ب الصلوۃ ،باب المساجد ، رقم۱۶۰۸، ج ۳ ، ص ۶۹)
Flag Counter