| جنت میں لے جانے والے اعمال |
(۲۳۰)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدتنا ام سلمہ رضی اللہ تعالی عنہا فرماتی ہیں کہ شہنشاہِ مدینہ،قرارِ قلب و سینہ، صاحبِ معطر پسینہ، باعثِ نُزولِ سکینہ، فیض گنجینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا'' عورت کا اپنے کمرے میں نَماز پڑھنا گھر کے احاطے میں نَماز پڑھنے سے بہتر ہے ،اور اس کا احاطے میں نَماز پڑھنا صحن میں نَماز پڑھنے سے افضل ہے،اور صحن میں نَماز پڑھنا گھر سے باہر نَماز پڑھنے سے افضل ہے ۔''
(طبرانی اوسط ، رقم ، ۹۱۰۱، ج ۶ ،ص ۳۶۸)
(۲۳۱)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابن عمر رضی اللہ تعالی عنہما سے روایت ہے كہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' اپنی عورتوں کو مسجد میں حاضر ہونے سے نہ روکو اور ان کا اپنے گھروں میں نَماز پڑھنا ان کے حق میں بہتر ہے ۔''
(سنن ابی داؤ د ،کتا ب الصلوۃ ، باب ماجاء فی خروج النساء الی المسجد ، رقم ۵۶۷ ، ج۱ ،ص ۲۳۴)
(۲۳۲)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابن عمر رضی اللہ تعالی عنہما سے روایت ہے كہ حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' عورت چھپانے کی چیز ہے اور جب یہ اپنے گھر سے نکلتی ہے تو شیطان پر ظاہر ہوجاتی ہے اور بے شک عورت اللہ عزوجل کے جتنی قریب اپنے گھر کے تہہ خانے میں ہوتی ہے کہیں اورنہیں ہوتی ۔ ''
(طبرانی اوسط ،رقم ۲۸۹۰،ج۲،ص۱۶۳)
(۲۳۳)۔۔۔۔۔۔ ام المؤمنین حضرتِ سیدتنا ام سلمہ رضی اللہ تعالی عنہا سے روایت ہے کہ سیِّدُ المبلغین، رَحْمَۃ لِّلْعٰلَمِیْن صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ،''عورتوں کے نَماز پڑھنے کے لئے سب سے بہترین جگہ ان کے گھروں کے تہہ خانے ہیں ۔''
(مسند احمد ، حدیث ام سلمۃ زوج النبی ، رقم ۲۶۶۰۴ ، ج ۱۰ ،ص ۱۸۴)
(۲۳۴)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابن مسعودرضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ اللہ عزوجل کے مَحبوب، دانائے غُیوب، مُنَزَّہ عَنِ الْعُیوب صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا'' اللہ عزوجل کے نزدیک عورت کی سب سے پسندیدہ نَمازوہ ہے جسے وہ اندھیری کوٹھڑی میں ادا کرتی ہے ۔''
(صحیح ابن خزیمہ ، کتاب الامامۃ ، باب اختیار صلوۃ المرأۃ فی اشد مکان من بیتھا ظلمۃ ، رقم ۱۶۹۶ ،ج ۳، ص ۹۶)
(۲۳۵)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابن مسعودرضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے كہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' عورت کا کوٹھڑی میں نَماز پڑھنا احاطے میں نماز پڑھنے سے افضل ہے اور اس کا تہہ خانے میں نماز پڑھنا کمرے میں نَماز پڑھنے سے افضل ہے۔''
(سنن ابو داؤد ،کتا ب الصلوۃ ،باب التشدید فی ذالک ، رقم ۵۷۰، ج ۱، ص ۲۳۵)
(۲۳۶)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو حمید ساعدی رضی اللہ عنہ کی زوجہ ام حمید رضی اللہ تعالی عنہا فرماتی ہيں کہ میں نے شہنشاہِ خوش خِصال، پیکرِ