| جنتی زیور |
خوب یاد رکھو! کہ تم اپنے ماں باپ کے ساتھ اچھا یا برا جو سلوک بھی کروگے ویسا ہی سلوک تمہاری اولاد بھی تمہارے ساتھ کرے گی اور یہ بھی جان لو کہ ماں باپ کے ساتھ اچھا سلوک کرنے سے رزق میں ترقی اور عمر میں خیر و برکت نصیب ہوتی ہے۔ یہ اﷲتعالیٰ کے سچے رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کا فرمان ہے جو ہرگز ہرگز کبھی غلط نہیں ہوسکتا۔ اس بات پر ایمان رکھو کہ ؎
ہزار فلسفیوں کی چنیں چناں بدلی نبی کی بات بدلنی نہ تھی' نہیں بدلی
رشتہ داروں کے حقوق :اﷲتعالیٰ نے قرآن شریف میں اور حضور نبی اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے حدیث شریف میں باربار رشتہ داروں کے ساتھ احسان اور اچھے برتاؤ کا حکم فرمایا ہے لہٰذا ان لوگوں کے حقوق کو بھی ادا کرنا ہر مسلمان مرد و عورت پر لازم اور ضروری ہے۔ خاص طور پر ان چند باتوں پر عمل کرنا تو لازمی ہے۔ (۱)اگر اپنے عزیزواقربامفلس ومحتاج ہوں اور کھانے کمانے کی طاقت نہ رکھتے ہوں تو اپنی طاقت بھر اوراپنی گنجائش کے مطابق ان کی مالی مدد کرتے رہیں۔ (۲)کبھی کبھی اپنے رشتہ داروں کے یہاں آتے جاتے بھی رہیں اور ان کی خوشی اور غمی میں ہمیشہ شریک رہیں۔ (۳)خبردار خبردار ہرگزہرگز رشتہ داروں سے قطع تعلق کرکے رشتہ کو نہ کاٹیں۔ رشتہ داری کاٹ ڈالنے کا بہت بڑاگناہ ہے رسول اﷲ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ہے کہ۔
لایدخل الجنۃ قاطع۔
(صحیح مسلم، کتاب البر والصلۃ الخ، باب صلۃ الرحم وتحریم قطیعتھا ، رقم ۲۵۵۶،ص۱۳۸۳)