Brailvi Books

جنتی زیور
596 - 676
خواص سوره مومن:۔جسے پھوڑے نکلتے ہوں وہ روزانہ اس سورہ کو ایک بار پڑھ لیا کرے اور اگر اس سورہ کو لکھ کر دوکان میں آویزاں کریں تو خریدار بکثرت آئیں۔

خواص سورهٔ حٰمۤ السجدہ:۔جس کی آنکھوں میں کوئی عارضہ ہو وہ اس سورہ پاک کو لکھ کر پاک صاف پانی میں دھوئے اور آنکھوں میں لگائے یا اسی پانی میں سرمہ گھس کر آنکھوں میں لگائے ان شاء اﷲ تعالیٰ شفاء ہوگی۔

خواص سورهٔ شوریٰ:۔جو شخص اس سورہ کو روزانہ ایک بارپڑھتا رہے گا وہ دشمنوں پر غالب رہے گا۔

خواص سورهٔ زخرف:۔اس کو سات بار روزانہ پڑھنے سے تمام حاجتیں پوری ہوتی ہیں اور اس کا تعویذ تمام امراض کے لئے شفا ہے۔

خواص سورهٔ دخان:۔کوئی مشکل درپیش ہو تو اس کو سات بار پڑھیں او ل و آخر گیارہ گیارہ بار درود شریف بھی پڑھ لیں۔

خواص سورهٔ جاثیہ:۔جو شخص جان کنی کے عالم میں ہو اس پر اس سورہ کو پڑھ کر دم کرو ان شاء اﷲتعالیٰ سکرات کی سختی سے نجات پاجائے گا اور خاتمہ بالخیر ہو گا۔

خواص سورهٔ احقاف:۔اس کا دم کیا ہوا پانی آسیب والے کے لئے بہت فائدہ مند ہے۔

خواص سورهٔ محمد:۔ اس کو آب زمزم میں مشک و زعفران حل کر کے لکھو اور پیو! عزت وعظمت ملے گی اور طرح طرح کی بیماریوں سے شفاء حاصل ہوگی۔

خواص سورهٔ فتح:۔دشمنوں پر فتح پانے کے لئے اس کو اکیس مرتبہ پڑھو اگر رمضان کا چاند دیکھ کر اس کے سامنے پڑھا جائے تو ان شاء اﷲ تعالیٰ سال بھر امن رہےگا۔