Brailvi Books

جنتی زیور
447 - 676
یعنی اس کی زبان آسانی سے نہیں چلتی تکلیف کے ساتھ الفاظ ادا ہوتے ہیں اس کے لئے دوگنا ثواب ہے۔
 (جامع الترمذی،کتاب فضائل القرآن،باب ماجاء فی فضل قارئ القرآن،رقم۲۹۱۳،ج۴،ص۴۱۴)
حدیث:۔حضور انورصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا کہ جس کے سینے میں کچھ بھی قرآن نہیں ہے وہ ویرانہ اور اجاڑ مکان کے مثل ہے۔
 (جامع الترمذی،کتاب فضائل القرآن،باب (ت:۱۸) رقم۲۹۲۲،ج۴،ص۴۱۹)
حدیث:۔رسول اﷲصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص قرآن کا ایک حرف پڑھے گا اس کو ایک ایسی نیکی ملے گی جو دس نیکیوں کے برابر ہوگی میں یہ نہیں کہتا کہ الم ایک حرف ہے بلکہ الف ایک حرف ہے اور لام دوسرا حرف ہے اور میم تیسرا حرف ہے مطلب یہ ہے کہ جس نے صرف الم پڑھ لیا تو اس کو تیس نیکیاں ملیں گی ۔
 (جامع الترمذی،کتاب فضائل القرآن،باب ماجاء فی من قرء ۔۔۔الخ،رقم۲۹۱۹،ج۴،ص۴۱۷)
حدیث:۔جس نے قرآن مجید پڑھااور اس کو یاد کر لیا اور اس نے قرآن کے حلال کئے ہوئے کو حلال سمجھا اور حرام کئے ہوئے کو حرام جانا تو وہ اپنے گھر والوں میں سے ایسے دس آدمیوں کی شفاعت کریگا جن کے لئے جہنم واجب ہو چکا تھا۔
 (جامع الترمذی،کتاب فضائل القرآن،باب ماجاء فی ۔۔۔الخ،رقم۲۹۱۴،ج۴،ص۴۱۴)
حدیث:۔حضور اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے حضرت ابی بن کعب رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے دریافت فرمایا کہ نماز میں تم نے کون سی سورہ پڑھی انہوں نے سورۂ فاتحہ الحمدﷲ رب العلمین پڑھ کر سنائی تو آپ نے ارشاد فرمایا کہ مجھے اس ذات کی قسم ہے جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے کہ نہ اس کے مثل توریت میں کوئی سورہ اتاری گئی نہ انجیل میں نہ زبور میں یہ سورۂ سبع مثانی ہے اور قرآن عظیم ہے جو مجھے خدا کی طرف سے عطا کیا گیا ہے ۔
 (جامع الترمذی،کتاب فضائل القرآن،باب ماجاء فی فضل فاتحۃ الکتاب،رقم۲۸۸۴، ج۴،ص۴۰۰)
Flag Counter