| جنتی زیور |
حدیث:۔حضور اقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا کہ تم لوگ اپنے گھروں کو قبرستان نہ بناؤ شیطان اس گھر میں سے بھاگتا ہے جس میں سورۂ بقرہ پڑھی جاتی ہے۔
(جامع الترمذی،کتاب فضائل القرآن،باب ماجاء فی فضل سورۃ البقرۃ۔۔۔الخ، رقم۲۸۸۶، ج۴،ص۴۰۲)
اوریہ بھی ارشاد فرمایا کہ تم لوگ دو چمک دار سورتیں سورۂ بقرہ اور سورۂ آل عمران کو پڑھو کیونکہ یہ دونوں قیامت کے دن اس طرح آئیں گی گویا دو ابر ہیں یا دوسائبان ہیں یا صف بستہ پرندوں کی دو جماعتیں وہ دونوں اپنے پڑھنے والوں کی طرف سے جھگڑا کریں گی یعنی شفاعت کریں گی سورۂ بقرہ کو پڑھا کرو کہ اس کا لینا برکت ہے اور اس کو چھوڑنا حسرت ہے اور اہل باطل اس سورہ کی تاب نہیں لا سکتے ۔
(جامع الترمذی،کتاب فضائل القرآن،باب ماجاء فی فضل سورۃ اٰل عمران، رقم۲۸۹۲، ج۴،ص۴۰۴)
حدیث:۔جو شخص سورۂ کہف جمعہ کے دن پڑھے گااس کے لئے دونوں جمعوں کے درمیان نور روشن ہوگا۔
(مشکوۃ المصابیح،کتاب فضائل القراٰن،الفصل الثالث،رقم۲۱۷۵،ج۱،ص۵۹۶)
حدیث:۔جو شخص اﷲ تعالیٰ کی رضا کے لئے سورۂ یٰسۤ پڑھے گا اس کے اگلے گناہوں کی مغفرت ہو جائے گی لہٰذا اس کو اپنے مردوں کے پاس پڑھا کرو۔
(شعب الایمان،باب فی تعظیم القرآن،فصل فی فضائل السور۔۔۔الخ،رقم ۲۴۵۸،ج۲،ص۴۷۹)
اور حضور اقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے یہ بھی فرمایا کہ ہر چیز کے لئے دل ہے اور قرآن کا دل یٰسۤ ہے جس نے سورهٔ یس پڑھی دس مرتبہ قرآن پڑھنا اﷲ تعالیٰ اس کے لئے لکھے گا ۔
(جامع الترمذی،کتاب فضائل القرآن،باب ماجاء فی فضل سورۃ یٰسین، رقم۲۸۹۶، ج۴،ص۴۰۶)
حدیث:۔رسول اﷲصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا کہ قرآن میں تیس آیتوں کی ایک سوره ہے وہ آدمی کے لئے شفاعت کرے گی یہاں تک کہ اس کی مغفرت ہو جائے گی وہ سوره ملک ہے
(جامع الترمذی،کتاب فضائل القرآن،باب ماجاء فی فضل سورۃ الملک، رقم۲۹۰۰، ج۴،ص۴۰۸)