| جنتی زیور |
مسئلہ:۔بیماری میں نقصان دینے والی چیزوں سے پرہیز کرنا سنت ہے بد پرہیزی نہیں کرنی چاہے۔ مسئلہ:۔مریض کو کھلانے پلانے میں زبردستی نہیں کرنی چاہے حدیث میں رسول اﷲ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کا فرمان ہے کہ مریضوں کو کھانے پر مجبور نہ کرو کیونکہ مریضوں کو اﷲ تعالیٰ کھلاتا پلاتا ہے۔
(سنن ابن ماجہ،کتاب الطب،باب لاتکرھوا المریض۔۔۔الخ،رقم۳۴۴۴،ج۴،ص۹۲)
اور یہ بھی فرمان نبوی صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم ہے کہ جب مریض کھانے کی خواہش کرے تو اسے کھلا دو۔
(سنن ابن ماجہ،کتاب الطب،باب المریض یشتھی الشئی، رقم۳۴۴۰،ج۴،ص۹۰)
یہ حکم اس وقت ہے کہ کھانا مریض کو مضر نہ ہو اور کھانے کی اشتہاء صادق ہو۔ مسئلہ:۔جن بیماریوں سے دوسروں کو نفرت ہوتی ہے جیسے خارش کوڑھ وغیرہ ایسے مریضوں کو چاہے کہ وہ خود سب سے الگ الگ رہیں تاکہ کسی کو تکلیف نہ ہو۔
قرآن کی تلاوت کا ثواب
قرآن مجید پڑھنے اور پڑھانے کے فضائل اور اجر و ثواب بہت زیادہ ہیں اس کے متعلق چند حدیثوں کو پڑھ لو اور ان پر عمل کرکے اجر و ثواب کی دولتوں سے مالا مال ہو جاؤ۔ حدیث:۔رسول اﷲصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے ارشاد فرمایا کہ تم میں وہ بہترین شخص ہے جو قرآن مجید پڑھے اور پڑھائے ۔
(صحیح البخاری ،کتاب فضائل القرآن،باب خیرکم من تعلم ۔۔۔الخ،رقم ۵۰۲۷،ج۳،ص۴۱۰)
حدیث: حضور اقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے ارشاد فرمایا کہ جو قرآن پڑھنے میں ماہر ہے وہ ''کراماً کاتبین'' کے ساتھ ہے اور جو شخص رُک رُک کر قرآن پڑھتا ہے اور وہ اس پر شاق ہے