مسئلہ:۔حقنہ لگانے یا پیشاب اتارنے کے لئے سلائی چڑھانے میں اس جگہ کی طرف دیکھنے اور چھونے کی نوبت آتی ہے بوجہ ضرورت ایسا کرنا جائز ہے۔
(تبیین الحقائق،کتاب الکراہیۃ،باب النظر والمس،ج۷،ص۴۰)
مسئلہ:۔اسقاط حمل کے لئے دوا استعمال کرنا یا دوائی سے حمل گروانا منع ہے بچہ کی صورت بن گئی ہو یا نہ بنی ہو دونوں صورتوں میں حمل گرانا ممنوع ہے لیکن ہاں اگر کوئی عذر ہو مثلاً بچہ پیدا ہونے میں عورت کی جان کا خطرہ ہو یا عورت کے شیر خوار بچہ ہے اور حمل سے دودھ خشک ہو جائے گا اور کوئی دودھ پلانے والی عورت مل نہیں سکتی اور باپ کے پاس اتنی وسعت نہیں کہ وہ بچہ کے لئے دودھ کا انتظام کر سکے اور بچہ کے ہلاک ہو جانے کا اندیشہ ہوتو ان صورتوں میں مجبوری کی وجہ سے حمل گرایا جا سکتا ہے مگر شرط یہ ہے کہ بچے کے اعضاء نہ بنے ہوں اور اس کی مدت ایک سو بیس دن ہے یعنی اگر حمل ایک سو بیس دن کا ہو چکا ہو اور بچے کے اعضاء بن چکے ہوں تو ایسی صورت میں حمل گرانے کی اجازت نہیں ہے۔
(الفتاوی الھندیۃ،کتاب الکراہیۃ،الباب الثامن عشر فی التداوی۔۔۔الخ،ج۵،ص۳۵۶)