| جنتی زیور |
اب غور کرو کہ جب چھینک کو سول اﷲ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے ''شاہد عدل'' کا لقب دیا تو پھر بھلا چھینک منحوس اور بدشگونی کا سامان کیسے بن سکتی ہے؟ اس لئے لوگوں کو اس عقیدہ سے توبہ کرنی چاہے کہ چھینک منحوس اور بدفالی کی چیز ہے خداوند کریم مسلمانوں کو اتباع سنت اور پابندی شریعت کی توفیق بخشے آمین۔
(بہارشریعت،ج۳،ح۱۶،ص۱۰۳)
مسئلہ:۔کافر کو چھینک آئی اور اس نے الحمدﷲ کہا تو جواب میں یَھْدِیْکَ اﷲ کہنا چاہے۔
(ردالمحتار،کتاب الحظر والاباحۃ،فصل فی البیع،ج۹،ص۶۸۴)
مسئلہ:۔چھینک کا جواب ایک مرتبہ واجب ہے دوبارہ چھینک آئی اور اس نے الحمدﷲ کہا تو دوبارہ جواب دینا واجب نہیں بلکہ مستحب ہے۔
(ردالمحتار،کتاب الحظر والاباحۃ،فصل فی البیع،ج۹،ص۶۸۴)
خرید و فروخت کے چند مسائل
خریدنے اور بیچنے کے مسائل بہت زیادہ ہیں اس مختصر کتاب میں بھلا اس کی گنجائش کہاں؟ جس کو مفصل طور پر خرید و فروخت کے مسائل کو جاننا ہو وہ بہار شریعت حصہ یا زدہم کا بغور مطالعہ کرے یہ اس بارے میں بہت ہی جامع اور معتبر کتاب ہے ہم یہاں صرف چند ضروری مسائل کا ذکر کرتے ہیں جن سے اکثروبیشتر واسطہ پڑتا رہتا ہے ان کو غور سے پڑھ کر یاد کرلو۔ مسئلہ:۔جب تک خرید و فروخت کے ضروری مسائل نہ معلوم ہوں کہ کونسی بیع جائز ہے اور کون سی ناجائز اس وقت تک مسلمان کو چاہے کہ وہ تجارت نہ کرے بلکہ تجارت کرنے سے پہلے ان مسئلوں کو جان لینا چاہے تاکہ تجارت میں حرام کمائی سے بچا رہے۔
(الفتاوی الھندیۃ،کتاب الکراہیۃ،الباب الخامس والعشرون فی البیع۔۔۔الخ،ج۵،ص۳۶۳)