| جنتی زیور |
پھر بالشت بھر مغرب کی طرف پلٹو اور حضرت صدیق وفاروق رضی اﷲ تعالیٰ عنہما کے درمیان کھڑے ہو کر عرض کرو کہ۔
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُما یَا خَلِیْفَتَیْ رَسُوْلِ اللہِ اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمَا یَا وَزِیْرَیْ رَسُوْلِ اللہِ اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمَا یَا ضَجِیْعِیْ رَسُوْلِ اللہِ وَرَحْمَۃُ اللہِ وَبَرَکَاتُہٗ اَسْئَلُکْمَا اَلشَّفَاعَۃَ عِنْدَرَسُوْلِ اللہِصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَعَلَیْکُمَا وَبَارَکَ وَسلَّمَ۔
اے رسول اﷲ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کے دونوں خلیفہ آپ دونوں پر سلام' اے رسول اللہ صلی للہ علیہ وسلم کے دونوں وزراء آپ دونوں پر سلام'اے رسول اﷲ کے پہلو میں آرام کرنے والو! آپ دونوں پر سلام اور اﷲعزوجل کی رحمت اور اس کی برکتیں آپ دونوں سے سوال کرتا ہوں کہ رسول اﷲ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کے حضور ہماری شفاعت کیجئے اﷲتعالیٰ ان پر اور آپ دونوں پر درود اور برکت و سلام نازل فرمائے۔
(مناسک علی القاری،باب زیارۃ سید المرسلین،صلی اللہ علیہ وسلم،ص۵۱۰۔۵۱۱ و بہارشریعت،ح۶،ص۱۷۰)
(۹)یہ سب حاضریاں مقبولیت دعا کے مقامات ہیں لہٰذا خوب دعائیں مانگو پھر منبر شریف کے پاس دعا کرو اور ستون ابو لبابہ و ستون حنانہ کے پاس دو رکعت پڑھ کر دعاؤں میں مشغول رہو۔ یہاں کی حاضری میں ایک منٹ بھی ضائع نہ کرو تلاوت' درود شریف و سلام اور نوافل میں ہمہ تن مصروف رہو مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں کم از کم ایک ایک روزہ بھی رکھ لو تو تمہاری خوش نصیبی کا کیا کہنا پنجگانہ نمازوں کے بعد سلام کے لئے حاضر ہو ہر نماز مسجد نبوی میں ادا کرو رسول اﷲ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا کہ جو شخص میری مسجد میں چالیس نمازیں پڑھے اس کے لئے دوزخ اور نفاق سے آزادیاں لکھی جائیں گی۔
(المسند لإمام احمد بن حنبل، رقم۱۲۵۸۴،ج۴،ص۳۱۱)