Brailvi Books

جنتی زیور
376 - 676
    اس نیت کے بعد کعبہ کو منہ کئے اپنی دا ہنی طرف چلو جب حجراسود بالکل تمہارے منہ کے سامنے ہو (اور یہ بات ایک ذرا حرکت کرنے میں حاصل ہو جائے گی کیونکہ پہلے حجراسود داہنے ہاتھ کے سامنے تھا اب ذرا سا ہٹ جانے سے منہ کے سامنے ہو جائے گا) اب کانوں تک دونوں ہاتھ اس طرح اٹھاؤ کہ ہتھیلیاں حجراسود کی طرف رہیں اور کہو:
بِسْمِ اللہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ ؕ وَاللہُ اَکْبَرُ وَالصَّلوٰۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی رَسُوْلِ اللہِ ؕ
    اگر آسانی سے ہوسکے تو حجر اسود پر دونوں ہتھیلیاں اور ان کے بیچ میں منہ رکھ کر یوں بوسہ دے کہ آواز نہ پیدا ہو تین بار ایسا ہی کرو اور اگر بھیڑ کی وجہ سے اس طرح بوسہ لینا نصیب نہ ہوتو ہاتھ رکھ کرہاتھ کو چوم لو یا اس پر چھَڑی رکھ کر چھَڑی کو چوم لو یہ بھی نہ ہو سکے تو ہاتھ سے اس کی طرف اشارہ کر کے اپنا ہاتھ چوم لو اب طواف کے لئے دروازہ کعبہ کی طرف بڑھو جب حجراسود کے سامنے سے گزر جاؤ سیدھے ہو لو خانہ کعبہ کو اپنے بائیں ہاتھ پر کرکے اس طرح چلو کہ کسی کو ایذا مت دو پہلے تین پھیروں میں مرد کو رمل کرنا چاہے یعنی چھوٹے چھوٹے قدم رکھتا شانے ہلاتا ہوا بہادروں کی طرح چلے نہ کودتے ہوئے نہ دوڑتے ہوئے اور جب حجر اسود کے پاس پہنچے تو بوسہ دے یا اس کی طرف ہاتھ سے اشارہ کرکے ہاتھ کوچوم لے دعائیں پڑھتے ہوئے طواف کرے معلم دعائیں پڑھاتے ہوئے طواف کراتے ہیں لیکن ان دعاؤں کا پڑھنا فرض یا واجب نہیں اگر یہ دعائیں یاد نہ ہوں تو درود شریف پڑھتے ہوئے طواف کے ساتوں چکر پورے کرے جب ساتوں پھیرے پورے ہوجائیں تو پھر حجراسود کو بوسہ دے یا اس کی طرف ہاتھ بڑھا کر چوم لے حجر اسود کو پہلی بار جب چوما اس وقت سے لبیک پڑھنا بند کردے طواف کے بعد مقام ابراہیم پر آکر یہ آیت پڑھو
وَاتَّخِذُوْا مِنْ مَّقَامِ اِبْرَاھِیْمَ مُصَلّٰی۔
Flag Counter