اے اﷲ میں تیری رضا اور جنت کا سائل ہوں اور تیرے غضب اور جہنم سے تیری پناہ مانگتا ہوں۔
لبیک پڑھ لینے کے بعد احرام بندھ گیا اب جتنی چیزیں احرام کی حالت میں منع ہیں مثلاً سلا ہوا کپڑا پہننا' سر چھپانا' شکار کرنا' خوشبو لگانا' حجامت بنوانا' جوں مارنا وغیرہ ان سب چیزوں سے بچے اور اٹھتے بیٹھتے ہر وقت خاص کر سحر کے وقت لبیک برابر بلند آواز سے پڑھتا رہے۔
طواف کعبہ مکرمہ:۔ جب مکہ مکرمہ میں پہنچ جائے تو سب سے پہلے مسجد حرام میں جائے اگر وضو نہ ہو تو وضو کرے اور طواف شروع کرنے سے پہلے مرد اپنی چادر کو داہنی بغل کے نیچے سے نکالے کہ داہنا مونڈھا کھلا رہے اور چادر کے دونوں کنارے بائیں مونڈھے پر نکال دے اب کعبہ کی طرف منہ کر کے حجر اسود کی دا ہنی طرف رکن یمانی کی جانب حجر اسود کے قریب یوں کھڑا ہوکہ پوراحجر اسود اپنے داہنے ہاتھ کے سامنے رہے پھر طواف کی نیت کرے اور نیت یہ ہے۔