Brailvi Books

جنتی زیور
364 - 676
رات میں میدان عرفات کے اندر وقوف کیا ہے تو اس کے لئے کسی خاص حد تک وقوف کرنا واجب نہیں مگر وہ اس واجب کا تارک ہوا کہ دن میں غروب آفتاب تک وقوف کرتا (۶)وقوف میں رات کا کچھ حصہ آ جانا (۷) عرفات سے واپسی میں امام کی پیروی کرنا یعنی جب تک امام میدان عرفات سے نہ نکلے یہ بھی نہ چلے ہاں اگر امام نے وقت سے تاخیر کی تو اسے امام سے پہلے میدان عرفات سے روانہ ہو جانا جائز ہے اور اگر زبر دست بھیڑ کی وجہ سے یا کسی دوسری ضرورت سے امام کے چلے جانے کے بعد میدان عرفات میں ٹھہرا رہا امام کے ساتھ نہ گیا جب بھی جائز ہے(۸)''مزدلفہ'' میں ٹھہرنا (۹)مغرب و عشاء کی نماز کا عشاء کے وقت میں مزدلفہ پہنچ کر پڑھنا (۱۰)تینوں جمروں پر دسویں' گیارہویں' بارھویں تینوں دن کنکریاں مارنا یعنی دسویں ذوالحجہ کو صرف جمرۃ العقبہ پر اور گیارہویں و بارھویں تینوں جمروں پر کنکریاں مارنا (۱۱))جمرۃ العقبہ کی رمی پہلے دن سر منڈانے سے پہلے ہونا (۱۲)ہر روز کی رمی کا اسی دن ہونا (۱۳)احرام کھولنے کے لئے سر منڈانا یا بال کتروانا (۱۴)یہ سر منڈانا یا بال کتروانا،ایام نحر یعنی دسویں ، گیارہویں اوربارہویں ذوالحجہ کی تاریخوں کے اندر ہوجانا اورسرمنڈانا یا بال کتروانامنٰی یعنی حرم کی حدود کے اندر ہونا (۱۵)قران یا تمتع کرنے والے کو قربانی کرنا (۱۶)اور اس قربانی کا حدود حرم اور ایام نحر میں ہونا (۱۷)طواف زیارت کا اکثر حصہ ایام نحر میں ہو جانا عرفات سے واپسی میں جو طواف کیا جاتا ہے اس کا نام ''طواف زیارت'' ہے اور اس طواف کو ''طواف افاضہ'' بھی کہتے ہیں(۱۸)طواف ''حطیم'' کے باہر ہونا (۱۹)داہنی طرف سے طواف کرنا یعنی کعبہ معظمہ طواف کرنے والے کے بائیں جانب ہو(۲۰)عذر نہ ہو تو پاؤں سے چل کر طواف کرنا ہاں عذر ہو تو سواری پر بھی طواف کرنا جائز ہے(۲۱)طواف کرنے میں باوضو اور با غسل رہنا اگر بے وضو یا جنابت کی حالت میں طواف کر لیا تو اس طواف کو دہرائے (۲۲)طواف کرتے وقت ستر چھپانا