| جنتی زیور |
مسئلہ:۔اگر ضرورت ہو تو قبر پر نشان کے لئے کچھ لکھ سکتے ہیں مگر ایسی جگہ نہ لکھیں کہ بے ادبی ہو۔
(الدرالمختارمع ردالمحتار،کتاب الصلٰوۃ،مطلب فی دفن المیت،ج۳،ص۱۷۰)
مسئلہ:۔قبر پر بیٹھنا سونا چلنا پھر نا پیشاب پاخانہ کرنا قبر پر تھوکنا حرام ہے کہ اس سے قبر والے کو تکلیف پہنچے گی اسی طرح قبرستان میں جو تا پہن کر نہ چلے۔ ایک آدمی کو رسول اﷲ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے جوتیاں پہن کر قبرستان میں چلتے دیکھا تو فرمایا کہ اے شخص جوتیاں اتار لے نہ تو قبر والے کو تکلیف دے اور نہ قبر والا تجھ کو تکلیف دے۔
(الدرالمختارمع ردالمحتار،کتاب الصلٰوۃ،مطلب فی اھداء ثواب القرأۃ للنبی صلی اللہ علیہ وسلم ،ج۳،ص۱۸۳)
مسئلہ:۔بزرگان دین کی قبروں پر صفائی ستھرائی کرتے رہنا' وہاں اگربتی جلا کر عطر لگا کر خوشبو کرنا' مزاروں پر پھول پتیاں ڈالنا' عوام کی نظروں میں صاحب مزار کی عزت و عظمت پیدا کرنے کے لئے مزاروں پر غلاف و چادر چڑھانا' مزاروں کے آس پاس روشنی کرنا تاکہ راستہ چلنے والوں کو روشنی ملے اور لوگوں کو معلوم ہوجائے کہ یہ کسی بزرگ کا مزار ہے تاکہ یہ لوگ وہاں آکر فاتحہ پڑھیں یہ سب کام جائز ہیں اور اچھی نیت سے کریں تو مستحب بھی۔ مسئلہ:۔جہاز پر کسی کا انتقال ہوا اور کنارہ بہت دور ہے تو چاہے کہ میت کو غسل دے کر اور کفن پہنا کر پورے اعزاز کے ساتھ سمندر میں ڈال دیں۔
(الفتاوی القاضی خان،کتاب الصلوۃ،باب فی غسل المیت وما یتعلق۔۔۔إلخ،ج۱،ص۹۴)