Brailvi Books

جنتی زیور
328 - 676
مسئلہ:۔جنازہ کو تیزی کے ساتھ لے کر چلیں مگر اس طرح کہ میت کو جھٹکا نہ لگے۔
 (الفتاوی الھندیۃ،الباب الحادی والعشرون فی الجنائز، الفصل الرابع فی حمل الجنازۃ، ج۱،ص۱۶۲)
مسئلہ:۔ہر مسلمان کی نماز جنازہ پڑھی جائے اگر چہ وہ کیسا ہی گنہ گار ہو مگر چند قسم کے لوگ ہیں کہ ان کی نماز جنازہ نہیں پڑھی جائے گی مثلاً :۔(۱)باغی جو امام برحق پر خروج کرے اور اسی بغاوت میں مارا جائے (۲)ڈاکو جو ڈاکہ زنی میں مارا گیا (۳)ماں باپ کا قاتل(۴)جس نے کئی شخصوں کا گلا گھونٹ کر مار دیا ہو۔
 (الدرالمختار مع الردالمحتار،کتاب الصلوٰۃ،باب صلوٰۃ الجنازۃ،ج۳،ص۱۲۵۔۱۲۸)
مسئلہ:۔جس نے خود کشی کی حالانکہ یہ بہت بڑا گناہ ہے مگر اس کے جنازہ کی نماز پڑھی جائے گی اسی طرح جو زنا کاری کی سزا میں سنگسار کیا گیا یا خون کے قصاص میں پھانسی دیا گیا اسے غسل دیں گے اور جنازہ کی نماز پڑھیں گے۔
 (الدرالمختار،کتاب الصلوٰۃ،با ب صلوٰۃ الجنازۃ،ج۳،ص۱۲۷ / والفتاوی الھندیۃ، کتاب الصلوٰۃ،الباب الحادی والعشرون ، الفصل الخامس، ج۱،ص۱۶۳)
مسئلہ:۔جو بچہ مردہ پیدا ہوا اس کی نماز جنازہ نہیں پڑھی جائے گی۔
 (الفتاوی الھندیۃ، ،الباب الحادی والعشرون فی الجنائز، الفصل الخامس فی الصلوٰۃ علی المیت، ج۱،ص۱۶۳)
نماز جنازہ کی ترکیب
    نماز جنازہ فرض کفایہ ہے یعنی اگر کچھ لوگوں نے نماز جنازہ پڑھ لی تو سب بری الذمہ ہوگئے اورا گر کسی نے بھی نہیں پڑھی تو سب گنہگار ہوئے جو نماز جنازہ کے فرض ہونے کا انکار کرے وہ کافر ہے۔
 (الفتاوی الھندیۃ، ،الباب الحادی والعشرون فی الجنائز، الفصل الخامس فی الصلوٰۃ علی المیت، ج۱،ص۱۶۲)
Flag Counter