Brailvi Books

جنتی زیور
32 - 676
تقریظ
ازحضرت علامَہ مفتی جَلال الدّین صاحبْ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ
علامۃ العصر شیخ الحدیث حضرت مولانا الحاج عبدالمصطفٰے صَاحب اعظمٰی مجددی قبلہ مدظلُّہ، العالی اپنے علمِی جاہ و جلال اور فضل و کمال کے اعتبار سے اکابر علماء اہلسنّت میں ایک خصوصی امتیاز کے ساتھ ممتاز ہیں۔ آپ ایک مُسلِم الثبوت، ماہر درسیات، سَاحرالبیان اور ایک خصوصی طرزِ تحریر کے موجد و کامیاب مصنّف ہونے کی بنا پر ملک وبیرونِ ملک ''جامع الصفات'' مشہور ہیں۔ چند خاص خاص اور اہم موضوعات پر آپ کی چھوٹی بڑی پندرہ کتابیں طبع ہوکر عوام وخواص سے خراج تحسین حاصِل کر چکی ہیں۔

    زیرِ نظر کتاب ''جنتی زیور'' آپ نے عوام اور خاص کر عورتوں کے لیے تصنیف فرمائی ہے جس کو میں بغور پڑھ کر اس نتیجہ پر پہنچاہوں کہ ضرورتِ زمَا نہ کے لحاظ سے یہ کتاب بہت ہی اہم، نہایت ہی انمول اور بے حدمفید ہے اور بحمدہٖ تعالیٰ صحیح و معتمد مسائل اور بہترین آداب و خصائص کے سَاتھ سَاتھ عبرت خیز نصیحتوں اور رقت انگیز واقعات کا لا جواب مجموعہ ہے۔

مولیٰ تعالیٰ حضرت مصنّف قبلہ کو جزاء عطا فرمائے اور برادران اہلِسُنّت وخواتینِ ملّت کو اس کتاب کی زیادہ سے زیادہ اشاعت کی توفیق بخشے آمین بجاہ حبیبہٖ سید المرسَلین صلوٰات اﷲ تعالیٰ وسلامہ علیہم اجمعین
جَلال الدین احمَد امجَدی

خادم دار الافتاء فیض الرسول 

 براؤں شریف ضِلع بستی

۲۵ ۔ذی القعدہ    ۱۳۹۹؁ھ
Flag Counter