| جنتی زیور |
اردو زبان میں اگر آیت سجدہ کا ترجمہ پڑھ دیا تب بھی پڑھنے والے اور سننے والے دونوں پر سجدہ واجب ہوگیا۔
(الفتاوی الھندیۃ،کتاب الصلاۃ،الباب الثالث عشرفی سجود التلاوۃ،ج۱،ص۱۳۳)
مسئلہ:۔ایک مجلس میں آیت سجدہ پڑھی اور سجدہ کر لیا پھر اسی مجلس میں دوبارہ اسی آیت کی تلاوت کی تو دوسرا سجدہ واجب نہیں ہوگا خلاصہ یہ ہے کہ ایک مجلس میں اگر بار بار آیت سجدہ پڑھی تو ایک ہی سجدہ واجب ہوگا اور اگر مجلس بدل کر وہی آیت سجدہ پڑھی تو جتنی مجلسوں میں اس آیت کو پڑھے گا اتنے ہی سجدے اس پر واجب ہو جائیں گے۔
(الدرالمختار،کتاب الصلاۃ،باب سجود التلاوۃ،ج۲،ص۷۱۲)
مسئلہ:۔مجلس بدلنے کی بہت سی صورتیں ہیں مثلاً کبھی تو جگہ بدلنے سے مجلس بدل جاتی ہے جیسے مدرسہ ایک مجلس ہے اور مسجد ایک مجلس ہے اور کبھی ایک ہی جگہ میں کام بدل جانے سے مجلس بدل جاتی ہے جیسے ایک ہی جگہ بیٹھ کر سبق پڑھایا تو یہ مجلس درس ہوئی پھر اسی جگہ بیٹھے بیٹھے لوگوں نے کھانا شروع کر دیا تو یہ مجلس بدل گئی کہ پہلے مجلس درس تھی اب مجلس طعام ہوگئی کسی گھر میں ایک کمرے سے دوسرے کمرے میں چلے جانے' کمرے سے صحن میں چلے جانے سے مجلس بدل جاتی ہے کسی بڑے ہال میں ایک کونے سے دوسرے کونے میں چلے جانے سے مجلس بدل جاتی ہے وغیرہ وغیرہ مجلس کے بدل جانے کی بہت سی صورتیں ہیں۔
(الدرالمختار،کتاب الصلاۃ،باب سجود التلاوۃ،ج۲،ص۷۱۲،۷۱۶/ الفتاوی الھندیۃ،کتاب الصلاۃ،الباب الثالث عشرفی سجود التلاوۃ،ج۱،ص۱۳۴)