ہرمرد وعورت پر لازم ہے کہ بری خصلتوں اور خراب عادتوں سے اپنے آپ کو اور اپنے اہل و عیال کو بچائے رکھے اور نیک خصلتوں اور اچھی عادتوں کو خود بھی اختیار کرے اور اپنے سب متعلقین کو بھی اس پر کاربند ہونے کی انتہائی تاکید کرے۔ یوں تواچھی عادتوں اور بری عادتوں کی تعداد بہت زیادہ ہے مگر ہم یہاں ان چند بری خصلتوں اور خراب عادتوں کا ذکر کرتے ہیں۔ جن میں اکثر مسلمان خصوصاََ عورتیں گرفتار ہیں اور ان بری عادتوں کی وجہ سے لوگ اپنے دین ودنیا کو تباہ و برباد کرکے دونوں جہاں کی سعادتوں سے محروم ہورہے ہیں۔ (۱) غصہ:۔بے محل اور بے موقع بات پر بکثرت غصہ کرنا' یہ بہت خراب عادت ہے۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ انسان غصہ میں آکر دنیا کے بہت سے بنے بنائے کاموں کو بگاڑ دیتا ہے اور کبھی کبھی غصہ کی جھلاہٹ میں خداوند کریم کی ناشکری اور کفر کا کلمہ بکنے لگتا ہے۔ اور اپنے ایمان کی دولت کو غارت اور برباد کر ڈالتا ہے۔ اسی لئے رسول اﷲ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے اپنی امت کو بے محل اور بات بات پر غصہ کرنے سے منع فرمایا ۔ چنانچہ حدیث شریف میں ہے کہ ایک شخص بارگاہ نبوت میں حاضر ہوا اور عرض کیا کہ یا رسول اﷲ صلی اللہ تعالیٰ