| جنّت کی دوچابیاں |
حضرت سیدناابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے فرمایا: ''اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایاکہ میں نے اپنے نیک بندوں کے لیے ایسی ایسی نعمتیں تیار کر رکھی ہيں کہ جن کو نہ توکسی آنکھ نے دیکھا ،نہ اس کی خوبیوں کو کسی کان نے سنا اور نہ ہی کسی انسان کے دل پر ان کی ماہیت کا خیال گزرا۔''
(مسلم،کتاب الجنۃ ،رقم الحدیث ۲۸۲۴،ص۱۵۱۶)
حضرت سیدناسعد بن ابی وقاص رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے فرمایا : ''اگر جنت کی چیزوں میں سے ناخن برابر کوئی چیز ظاہر ہو جائے تو آسمان و زمین کے اطراف و جوانب اس سے آراستہ ہو جائیں۔ ''
(ترمذی، کتاب صفۃ الجنۃ والنار،رقم الحدیث ۲۵۴۷،ج۴، ص۲۴۱)
جنت کتنی بڑی ہے ؟
حضرت سیدناعبادہ بن صامت رضی اللہ تعالی عنہ روایت کرتے ہیں کہ رحمتِ کونین صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:''جنت میں سومنزلیں ہیں اور ان میں سے ہردومنزلوں کے درمیان اتنا فاصلہ ہے جتنا زمین وآسمان کے درمیان ہے ۔''
(ترمذی، کتاب صفۃ الجنۃ ،رقم الحدیث۲۵۳۹،ج۴، ص۲۳۸)
جبکہ حضرت سیدناابوسعید رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:''جنت میں سومنزلیں ہیں ،اگر اس کے ایک درجہ میں تمام جہانوں کے لوگ بھی جمع ہوجائیں تو وہ سب کو کافی ہوجائے گا۔''
(ترمذی، کتاب صفۃ الجنۃ ،رقم الحدیث۲۵۴۰،ج۴، ص۲۳۹)