| جنّت کی دوچابیاں |
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ اَمَّا بَعْدُ فاَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ ؕ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
پیارے اسلامی بھائیو!
جنت وہ مقامِ رحمت ہے جسے رب تعالیٰ نے اپنے اطاعت گزار بندوں کے لئے تخلیق فرمایا ہے ۔جنت کا نام زبان پر آتے ہی ہمارے دل ودماغ پر سُرور کی ایک عجیب کیفیت طاری ہوجاتی ہے،جنت کس چیز سے بنائی گئی ہے ؟اس کا موسم کیسا ہوگا؟ اور داخل ِ جنت ہونے والے خوش نصیبوں کو کیسی کیسی نعمتوں سے نوازا جائے گا؟ یہ جاننے کے لئے ذیل کی سطور کا مطالعہ فرمائیے،۔۔۔۔۔۔
جنت کن چیزوں سے بنی ہے؟
حضرتِ سیدناابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ہم نے عرض کیا: ''یارسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم! ہمیں جنت اوراس کی تعمیر سے متعلق بتائیے؟ ''توآپ صلی اللہ علی وسلم نے ارشاد فرمایا: ''اس کی ایک اینٹ سونے کی اورایک چاندی کی ہے اوراس کا گارا مشک کا ہے اوراس کی کنکریاں موتی اوریاقُوت کی ہیں اوراس کی مٹی زعفران کی ہے۔''
(ترمذی، کتاب صفۃ الجنۃ ، رقم ۲۵۳۴، ج۴ ، ص ۲۳۶)
حضرتِ سیدناابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے ہی مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم نے فرمایا: ''جنت کی زمین سفید ہے ،اس کا میدان کافُور کی چٹانوں کا ہے ،اس کے گرد ریت کے ٹیلوں کی طرح مشک کی دیوار یں ہیں اوراس میں نہریں جاری ہیں۔ ''
(الترغیب والترہیب، کتاب صفۃ الجنۃ والنار، رقم ۳۴ ،ج۴ ،ص ۲۸۳)