Brailvi Books

جنّت کی تیاری
21 - 134
    میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!ذرا اہلِ جَنّت اور اُن کے سر سبز و شاداب پُر رونَق چہروں پر غور کیجئے کہ ُانہیں خُوشبُودار بند مُہر والا مشروب پلایا جاتاہے ، موتیوں کے خیمے میں سُرْخ یَاقُوْت کے مِنبروں پر بیٹھے تَازَہ سَفَید کھجوریں سامنے رکھی ہو ئی،انتہائی سبز فرش بچھے ہیں،مَسْنَدوں پر تکیہ لگائے ہیں، جو نہروں کے کَنَارَے بچھائے گئے ہیں ،شرابِ طَہُور اور شہد حاضرہیں ،غلام اور نوکر حاضِر ہیں ، خُوبْصُورت حُورَیں موجود ہیں، گویا وہ یَاقُوت ومَرْجان کی بنی ہوئی ہیں،جِن کو کبھی کسی اِنسان اورجِن نے نہیں چُھوا،بَاغَات کے پَلاٹوں میں چل رہی ہیں ،جب وہ اَکَڑْ کر چلتی ہے تو ستّر(70)ہزار بچے اُنہیں کاندھوں پر اٹھا لیتے ہیں ،جن پرسَفَید ریشم کالِبَاس ہے کہ آنکھیں خیرہ ہوجائیں ،سب کے سر پر تاج ہیں، اُن پرمَوتی اورمَرجان جڑے ہیں ،خُوبْصُورت کَاجَل لگی آنکھیں مُعَطَّر اور بڑھاپے و تنگی سے محفوظ ،خَیْموں میں بند اور وہ خیمے یَاقُوت کے مَحّلات میں ہیں،جوجَنّت کے باغوں کے درمیان ہیں ،پاک دل و پاک نظر عورتیں ہیں ،پھر اِن جَنّتی مَردوں اور حُورَوں کے سامنے پیالے اور برتن پیش کئے جاتے ہیں (جن میں جَنّت کے عمدہ مشروبات ہیں)پینے والوں کے لئے لذِیذ سَفَیدمَشْرُوب کا گلاس پیش ہوتا ہے۔ اِن کی خِدْمَت پرخُدَّام و غِلمان( بچے) حاضِر رہتے ہیں جیسے کہ قیمتی محفوظ مَوتی ہوں ۔یہ سب اُن کے نیک اعمال کا اَجْر ہے ،وہ باغات میں پُر اَمْن مقام میں ہوں گے ،