| جنّت کی تیاری |
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!اے کاش!اللہ تبارک وتعالیٰ ہمارے عیبوں پر اپنی ستّاری کی چادر ڈال کر بروزِ قیامت ساری مخلوق کے سامنے ہمیں رُسوائی سے بچا لے اور محض اپنے فضل و کرم سے اپنی جَنّت میں داخل فرما دے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الاَمِیْن صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم
عالمِ شریعت،امیرِ اہلسنّت دامت برکاتہم العالیہ ہمیں گُناہوں کے مَرَض سے نَجات دِلا کر نیک بنانا چاہتے ہیں چنانچہ مدنی انعام نمبر:42میں ارشادفرماتے ہیں :کیا آج آپ نے کسی مسلمان کے عُیوب پر مطلع ہو جانے پر اِس کی پردہ پوشی فرمائی یا (بِلا مصلحتِ شرعی)اُس کا عیب ظاہرکر دیا؟نیز کسی کی راز کی بات(بغیر اُس کی اجازت)دوسرے کو بتا کر خیانت تو نہیں کی؟
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
اللہ عَزَّوَجَلَّ کے لئے مَحَبَّتْ
حضرتِ سَیِّدُ نَاعَبْدُاللہ بن عَمْرو رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے رِوَایت ہے کہ میٹھے میٹھے مُصْطفٰی،سُلْطَانِ اَنْبِیائ،حَبِیْب ِ کِبْرِیَاعَزَّوَجَلَّ وَ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم ْنے فرمایاکہ'' جواللہ عَزَّوَجَلَّ کے لئے کسی سے محبت کرے اور اُسے بتادے کہ میں تجھ سے اللہ عَزَّوَجَلَّ کے لئے محبت کرتا ہوں تو وہ دونوں جَنّت میں داخل ہوں گے پھر اگر محبت کرنے والا بلند مرتبہ میں ہوگاتو جس سے وہ اللہ عَزَّوَجَلَّ کے لئے محبت کرتا تھا اُسے اُس کے ساتھ مِلادیاجائے گا ۔''