وہ مُصَنِّفِین جن کی کتابوں سے لوگ ہِدایت پارہے ہیں قِیامت تک لاکھوں کا ثواب انہیں پہنچتا رہے گا ۔ (مراٰۃ المناجیح،۱/۱۶۰)
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! ذرا سوچئے! اگر ہم تھوڑی سی کوشش کریں اور لوگوں تک نیکی کی دعوت پَہُنْچا کر اِنہیں اجتِماع میں لے آئیں اور ان میں سے کوئی ایک بھی اگر اجتِماع کی بَرَکت سے گناہوں بھری زِنْدَگی چھوڑ کر نیک بن گیا تو کتنے عَظِیمُ الشَّان ثواب کا خَزانہ ہمارے نامۂ اعمال میں آجائے گااور اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّ وَجَلَّ یہ دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والے اجتِماعات کا طُرَّۂ اِمتِیاز ہے کہ یہاں بڑے بڑے بدکار، شرابی، بے نمازی، چور، ڈاکو آتے ہیں اور جب یہاں سے اٹھ کر جاتے ہیں تو اپنے گناہوں سے تائب ہوچکے ہوتے ہیں۔جو کل تک شرابی تھے وہ آج سنّتوں بھرے اجتِماع میں شِرکت کے سَبَب تائب ہو کر نہ صِرف نمازی بلکہ دوسروں کو نماز پڑھانے والے بن گئے، جو کل تک گناہوں کے گندے ڈھیر پر پڑے ہوئے تھے اس اجتِماع نے اُنہیں طَہارت ونَفاست کا وہ سبق دیا کہ آج لوگوں کے سروں کاتاج بن گئے ہیں۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّ وَجَلَّ دعوتِ اسلامی کےاس سر سبزو شاداب لَہْلَہَاتے ہوئے باغ میں بَہُت بڑا کِرْدار ہَفْتہ وار سنّتوں بھرے اجتِماع کابھی ہے۔