کُفر کیا ہے: دین اسلام کی ضروریات میں سے کسی ایک بات کا انکار کرنا یا اُس میں شک کرنا،یا اُس سے ناراض ہونا یا اُس کو حقیر سمجھنا یا اُس کی توہین کرنا یہ سب کفر ہے۔ مثلاً خداعزوجل کی ذات و صفات سے انکار کرنا یا خدا عزوجل کے رسولوں اور نبیوں علیہم السلام میں سے کسی رسول یا نبی کا انکار کرنا یا خدا عزوجل کی کتابوں میں سے کسی کتاب کا انکار کرنا یا فرشتوں کا انکار کرنا یا قیامت کا انکار کرنا یا کسی نبی ، یا رسول یا فرشتہ یا قرآن یاکعبہ کی توہین کرنا۔
اسی طرح بعض کام بھی کفر ہیں جیسے بت کو سجدہ کرنا یا بت پرستی کی جگہوں کی تعظیم کرنا یا شعارِ کفر یعنی کفار کی دینی علامتوں پر عمل کرنا۔ مثلاً جنیو پہننا۔ یا سر پر چٹیا رکھنا یا عیسائیوں کی صلیب پہننا یہ سب کفر کی باتیں ہیں۔ غرض ہر وہ عقیدہ و عمل کفر ہے جس سے اسلام کی تکذیب یا توہین ہوتی ہو۔اگر کوئی کفر سر زد ہو جائے تو فوراً ہی اُس سے توبہ کرکے کلمہ پڑھ کر مسلمان ہونا اور بیوی سے دوبارہ نکاح کر لینا ضروری ہے ورنہ اگر کفر سے توبہ کئے بغیر مر گیا تو ہمیشہ ہمیشہ جہنم میں رہے گا۔ (نعوذ باللہ )