مندرجہ بالا حدیثوں سے مندرجہ ذیل مسائل ثابت ہوئے۔
(۱) گھمنڈ سے ٹخنوں کے نیچے پائجامہ، یا تہبند یا کرتا لٹکانا منع اور حرام ہے۔
(۲) مردوں کو ریشمی کپڑا اور سونا پہننا حرام ہے اور عورتوں کے لئے دونوں جائز ہیں۔
(۳) بغیر ٹوپی کے عمامہ باندھنا منع ہے۔
(۴) سرخ رنگ کا کپڑا جس میں کسی دوسرے رنگ کی دھاری نہ ہو مردوں کیلئے مکروہ ہے۔ اور عورتوں کیلئے کوئی حرج نہیں۔
(۵)دانت کو ریتی سے ریت کر پتلا اور خوبصورت بنانا، یوں ہی بھنوں کے بال نوچ کر بھنوں کو پتلا اور خوبصورت بنانا۔ یوں ہی گودنا گودوانا، اسی طرح ننگے بدن ہو کر مرد کا مرد سے معانقہ کرنا، یا ایک ساتھ لپٹ کر سونا یا عورت کا ننگے بدن ہو کر کسی عورت سے معانقہ کرنا۔ یا ایک ساتھ لپٹ کرسونا منع ہے۔ اسی طرح لوٹ مار کرنا حرام ہے اور چیتے، شیر وغیرہ درندوں کی کھال پر بیٹھنااور سوار ہونا ممنوع ہے کیوں کہ درندوں کی کھال پر بیٹھنا متکبرین کا طریقہ ہے اور اس سے دل میں بے رحمی بھی پیدا ہوتی ہے۔
(۶) جو لباس کسی قوم کا مذہبی لباس ہو مسلمان کیلئے اس لباس کو پہننا ممنوع اور ناجائز ہے۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔